ورلڈبنک کے نمائندوں کااراضی ریکارڈ سنٹر لاہور کینٹ کے دورہ کے موقع پر اظہار اطمینان

ورلڈبنک کے نمائندوں کااراضی ریکارڈ سنٹر لاہور کینٹ کے دورہ کے موقع پر اظہار ...

 لاہور(پ ر) محکمہ مال کے ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب کے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے میں مالی تعاون فراہم کرنے والے ادارے ورلڈ بنک مشن نے ایڈوڈ کک کی سربراہی میں اراضی ریکارڈ سنٹر لاہور کینٹ کا دورہ کیا جبکہ مشن کے دیگر ممبران میں ایگرپاپو، ٹونی برن اور مس ثمینہ اسلام شامل تھیں۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر جناب کیپٹن ظفر اقبال نے مشن کو بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب بھر کی 143 تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے فرد کے اجراء اور انتقال اراضی کی کمپیوٹرائز خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جس کے ذریعے مالکان اراضی 30 منٹ میں فرد اور 50 منٹ کے قلیل دورانیہ میں تصدیق انتقال اراضی کی سہولیات حاصل کر رہے ہیں۔ دورہ کے دوران مشن نے خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا اور سنٹر سے خدمات حاصل کرنے والے افراد سے بات چیت بھی کی۔ اس دوران مشن کو بتایا گیا کہ اب تک 99% سے زائد مستفید افراد نے خدمات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مشن کو بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ اب تک پی ایم یو نے ورلڈ بینک کے ساتھ متفق تمام اہداف کو مقررہ وقت میں حاصل کیا ہے۔ مشن ممبران نے وزیر اعلیٰ پنجاب جناب شہباز شریف کی اس بات کی توثیق کی کہ یہ پراجیکٹ کرپشن اور جعلسازی کے خاتمہ، شفافیت اور عوام کے لئے سہولت کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ مشن کے ممبران نے اس منصوبہ پر تیز رفتاری اور کامیابی سے عملدرآمد کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی دلچسپی اور تعاون کو بے حد سراہا اور ادارے کی کارکردگی اور پی ایم یو عملہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر خوشی کا اظہار کیا۔

مزید : صفحہ آخر