لاہورمیں اگلے سال کینسر ہسپتال کی تعمیر شروع کرینگے، سلمان رفیق

لاہورمیں اگلے سال کینسر ہسپتال کی تعمیر شروع کرینگے، سلمان رفیق

لاہور ( جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں آئندہ سال کینسر ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا جس کے لئے وزیراعلی شہباز شریف نے 20 ایکڑ زمین نالج پارک سے ملحقہ بیدیاں روڈ پر مختص کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال محکمہ صحت نے نوارٹس(Novartis Pharma) کے تعاون سے خون کے سرطان میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اور وزیراعلی شہباز شریف کی موجودگی میں ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت اس وقت 18 سو رجسٹرڈ مریضوں کو کینسر کی قیمتی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر پنجاب میں خون کے سرطان کے مریضوں کے مفت علاج کے لئے شروع کئے گئے پراجیکٹ کی کامیابی کا سال مکمل ہونے پر ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ تقریب میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک ، کرانک مالائیڈ لکیومیا ( chronic Myloid leukemia) پراجیکٹ کے فوکل پرسن اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفسیر محمود شوکت ، نووارٹس فارما کے شفیق احمد ،پروفیسر اعجاز شاہ ، پروفیسر اکرم ، فارما سوئیٹکل کمپنی کے نمائندوں ، طبی ماہرین ، ڈاکٹر ز اور سرطان کے زیر علاج مریضوں نے بھی شرکت کی ۔ پروفیسر محمود شوکت نے پراجیکٹ کی کامیابی کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب CML پراجیکٹ کے تحت خون کے سرطان میں مبتلا 18 سو مریضوں کو رجسٹرڈ کر کے ان کو کینسر کی ادویات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں جو ان مریضوں کو ماہانہ بنیاد پر فراہم کی جاتی ہیں۔ جس کے لئے پورے صو بے کے تمام اضلاع سے مریض رجسٹرڈ کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام نظام انتہائی شفاف اور کمپیوٹرائزڈ ہے اور مریضوں کو مخصوص کارڈ فراہم کئے گئے ہیں ۔ پروفیسر محمود شوکت نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے شروع کرنے کے بعد خون کے سرطان کے مریضوں کا Survival ریٹ بڑھ گیا ہے ۔ اس پراجیکٹ کے تحت اربوں روپے کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جس میں حکومت پنجاب کو نوارٹس فارما کا مالی تعاون حاصل ہے ۔ فارما سوئیٹکل کمپنی کے نمائندے شفیق احمد نے کہا کہ انکا ادارہ دنیا بھر میں ہر سال غریب مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی پر اربوں ڈالرز خرچ کر رہا ہے اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹیز کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت جوادو رفیق ملک نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کا علاج انتہائی مہنگا اور پیچیدہ ہوتا ہے اور نوارٹس فارما نے انتہائی نازک فیلڈ کا انتخاب کر کے ایک روشن مثال قائم کی ہے ۔ سلمان رفیق

مزید : صفحہ آخر