جماعۃالدعوۃ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج جلسوں کا انعقاد کرے گی

جماعۃالدعوۃ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج جلسوں کا انعقاد کرے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( پ ر)جماعۃالدعوۃپاکستان مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج5فروری کو ملک بھر میں ضلعی سطح پر کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کرے گی۔تمامتر تیاریاں و انتظامات کر لئے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں امیرجماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت گذشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی ذمہ داران کاایک اجلاس ہوا جس میں حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا نصر جاوید،مولانا ابوالہاشم، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران ملک بھر میں ہونے والی یکجہتی کشمیر کانفرنسوں،جلسوں اور کشمیرکارواں کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس دوران امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم نے بتایاکہ لاہور میں کشمیر کارواں میں بھرپور شرکت کیلئے گلی محلے کی سطح پر علماء کرام اور تحصیلی ذمہ داران کی قیادت میں قافلے ترتیب دیے گئے ہیں۔ لاہور اور اس کے گردونواح میں بھرپور اشتہاری مہم چلائی گئی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں بینرز، اشتہارات اور ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔ اسی طرح لاؤڈ سپیکرز لگا کر خصوصی طور فلوٹس تیار کئے گئے ہیں جن کے ذریعہ پورے شہر میں اعلانات کر کے لوگوں کو کشمیر کارواں میں شرکت کی دعوت دی جاہی ہے جس پر پورے شہر میں کارواں میں شرکت کے حوالہ سے زبردست جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔اجلاس کے دوران یہ بھی بتایاگیا کہ جماعۃالدعوۃ کی جانب سے لاہور میں ناصر باغ سے ہائیکورٹ چوک تک کشمیر کارواں ہو گا جس کے اختتام پر مذہبی،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔اسلام آباد میں فیض آباد سے آبپارہ چوک تک کشمیر کارواں سے جماعۃ الدعوۃ سمیت مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔ملتان میں عام خاص باغ سے شہر نواں چوک تک کشمیر کارواں ہو گا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔کراچی میں سفاری پارک سے شاہراہ کشمیر تک یکجہتی کشمیر کارواں کی قیادت جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر رہنما کریں گے۔فیصل آباد میں جی ٹی ایس چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک یکجہتی کشمیر کارواں کا آغاز صبح دس بجے ہو گا جس کی قیادت جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ و دیگر کریں گے۔حیدر آباد میں مرکز سعد بن معاذ گاڑی کھاتہ چوک سے پریس کلب تک کشمیر کارواں ہو گا۔ قصور، شیخوپورہ، گوجرانولہ، گجرات،سیالکوٹ، چکوال، پشاور،بہاولپور، رحیم یار خان، وہاڑی، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، مانسہرہ، بدین، کوئٹہ اور ایبٹ آبادسمیت دیگر شہروں و علاقوں میں بھی کشمیرکارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقادکا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جن سے جماعۃ الدعوۃ سمیت ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران خطاب کریں گے۔اجلاس کے بعدامیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعیدنے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں کراچی سے پشاور تک ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مددکریں گے انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی ریاستی دہشت گردی پاکستانی حکمرانوں کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے ۔کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔ مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔ آزادی کشمیر کے حوالہ سے ان شاء اللہ بہت جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔پاکستانی قوم کشمیری حریت پسند قیادت اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -