پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عوام کا حق ہے،بلال یاسین

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عوام کا حق ہے،بلال یاسین

 لاہور (پ ر)صوبائی وزیر خوراک و چیئر مین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تاجر برادری کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ اشیائے ضروریہ سستے داموں عوام کو دستیاب ہو سکے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی استفادہ حاصل کر سکے ۔ یہ بات انہوں نے آج کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹریز زراعت ، لائیو سٹاک ، کمشنر لاہور ڈویژن ، ڈی سی او لاہور ،پولٹری ، فلور ملز ، گھی ملز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومتی اقدامات کو تقویت پہنچانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے انہیں بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ اس کمی سے عام آدمی استفادہ حاصل کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے تعاون سے حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکتی ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عوام کا حق سمجھتی ہے اور اس حق کو ان تک پہنچانے کے لئے تمام اقدامات برؤئے کار لا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے حوالے سے انتظامی طو رپر کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز کی طرز پر وہ بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کر کے اپنا قومی کردار ادا کر یں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق غریب آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا قومی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری میں تاجر برادری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے حکومت کا ساتھ دیں تاکہ عام آدمی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ پہنچ سکے ۔

مزید : صفحہ آخر