اے جی آفس میں بزرگ پینشنرز کے مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم

اے جی آفس میں بزرگ پینشنرز کے مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم

لاہور (کامرس رپورٹر) محتسب پنجاب جاویدمحمود کی ہدایت پر اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب عمران اقبال نے 75سال سے زائد عمر کے بزرگ پنشنرز کے واجبات کی ادائیگی کیلئے اے جی آفس لاہورمیں سہولت سنٹر اوراکاؤنٹس کے تمام ضلعی دفاتر میں خصوصی کاؤنٹرز بنا دئیے ہیں اورپنشنرز کے کلیم وصول کرنا شروع کردئیے ہیں ۔محتسب پنجا ب نے بزرگ پنشنرز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے واجبات کی ادائیگی کیلئے اے جی آفس اوراکاؤنٹس کے متعلقہ ضلعی دفتر سے رابطہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ بزرگ پنشنرزکو اگر اپنے واجبات کی ادائیگی کے ضمن میں اے جی آفس یا متعلقہ محکمے کی جانب سے شکایت پید ا ہو تو محتسب پنجاب کے دفاتر خدمت کیلئے حاضر ہیں ۔محتسب پنجاب نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کوہدایت کی کہ بزرگ پنشنرز کوڈبل پنشن کی ادائیگی کے مجوزہ طریقہ کا ر میں اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ضعیف اورنادارپنشنرز کو اپناآئینی اورقانونی حق لینے کیلئے تکلیف دہ مراحل سے نہ گزرنا پڑے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ادائیگی کے شیڈول کے مطابق یکم جولائی 1991سے پہلے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو یکم فروری سے 28فروری2015تک،یکم جولائی 1991سے 30جون 1994کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین کو یکم مارچ سے 31مارچ 2015تک، 30جون 1994سے 30نومبر2001کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین کو یکم اپریل سے 31مئی 2015تک اوریکم دسمبر2001کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کو یکم جون سے 30جون 2015تک ڈبل پنشن کی رقم کے بقایاجات ادا کئے جائیں گے ۔محتسب پنجاب نے گورنر سٹیٹ بنک سے بھی کہا ہے کہ تمام بنکو ں کو معمر پنشنرز کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں ۔            محتسب پنجاب نے کہا کہ ڈبل پنشن کے واجبات لینے والے تمام پنشنرزکی عمریں 75سال سے زیادہ ہیں اس لئے ان کا احترام اوروقار لازمی ہے اس لئے بنکوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ ضعیف پنشنرز کو قطاروں میں کھڑا کرکے انتظارنہ کرایاجائے اوران کے بیٹھنے کیلئے بنک کے اندر مناسب انتظام کیا جائے ۔تمام بنک ڈبل پنشن کے حصول کیلئے آنے والے بزرگ پنشنرز کیلئے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کریں اوران کاؤنٹرز پرخوش اخلاق سٹاف مقررکیا جائے تاکہ ڈبل پنشن کے واجبات کی ادائیگی کے مراحل خوش اسلوبی سے طے ہوسکیں۔محتسب پنجاب نے ہر ضلع میں موجود اپنے ایڈوائزرزکو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ خودبنکوں اوراکاؤنٹس کے ضلعی دفاتر میں جاکر بزرگ پنشنرزکیلئے سہولیات کا جائزہ لیں اورمحتسب پنجاب کو رپورٹ ارسال کریں۔محتسب پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گااوربزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کی ادائیگی کے تمام مراحل کی وہ خودنگرانی کریں گے جبکہ انچارج محتسب پنجاب پنشن سیل وزیر احمد قریشی رابطہ کار ہوں گے ۔انہوں نے بزرگ پنشنرز سے کہاہے کہ انہیں ان کے واجبات کی ادائیگی میں جہاں بھی مشکل درپیش ہو، اے جی آفس یا بنک سٹاف تعاون سے گریزاں ہو یاانہیں کسی نوعیت کی رکاوٹ کاسامنا ہو،فوری طور پر محتسب کے متعلقہ علاقائی دفتر یاانچارج محتسب پنجاب پنشن سیل لاہورسے رابطہ کریں تاکہ ازالہ کیا جاسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1