کرائے کم نہ کرنے پر محمکہ ٹرانسپورٹ کا ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن 94 گرفتار

کرائے کم نہ کرنے پر محمکہ ٹرانسپورٹ کا ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن 94 ...

لاہور(پ ر)پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہونے پر کرا ئے کم نہ کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ نے کریک ڈاؤن شروع کردیاگیا ہے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق وزیراعلی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہونے کا معاشی فائدہ عوام کو منتقل کرنے کیلئے کرائے کم کئے گئے اور مقررہ کرائے سے زائد وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ زائد کرائے وصول کرنے پر 688گاڑیاں بند کردی گئی،94 ٹرانسپورٹرز گرفتار جبکہ 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیاگیا ،12 اڈے سیل کردیئے گئے جبکہ درجنوں روٹ پرمٹ منسوخ کردیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن میں زائد کرائے وصول کرنے پر 122 گاڑیاں بند کردی گئیں ، 39 ٹرانسپورٹرز گرفتار جبکہ ایک لاکھ7 ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیاگیا۔گوجرانوالہ ڈویژن میں مقررہ کرائے وصول نہ کرنے پر 108 گاڑیاں بند، ایک لاکھ 60 ہزار 900 روپے جرمانہ وصول کیاگیا ۔ ساہیوال ڈویژن میں زائد کرائے وصول کرنے پر 104 گاڑیاں بند ، 2 ٹرانسپورٹرز گرفتار،61 ہزار 500 روپے جرمانہ جبکہ تین اڈے سیل کردیئے گئے ۔ فیصل آباد ڈویژ ن میں زائد کرائے وصول کرنے پر 62 گاڑیاں بند ،11 ٹرانسپورٹر گرفتار ،70 ہزار روپے جرمانہ وصول کیاگیا جبکہ 9 گاڑیو ں کے روٹ پرمٹ منسوخ کردیئے گئے ۔ ڈیرہ غازی خان میں 61 گاڑیاں بند تین ٹرانسپورٹر گرفتار جبکہ ایک لاکھ 26 ہزار روپے جرمانہ وصول کیاگیا ۔ بہاولپور ڈویژن میں زائد کرایوں کی وصولی پر 70 گاڑیاں بند ،17 ٹرانسپورٹر گرفتار ،ایک لاکھ 65 ہزار 600 روپے جرمانہ وصول کیاگیا اور تین ٹرانسپورٹ اڈے سیل کردیئے گئے ۔سرگودھا ڈویژن میں 52 گاڑیاں بند ،14 ٹرانسپورٹر گرفتار،ایک لاکھ85 ہزار روپے جرمانہ ، راولپنڈی ڈویژن میں 70 گاڑیاں بند ، 7 ٹرانسپورٹر گرفتار ،62 ہزار 300 روپے جرمانہ عائد کیاگیا اور دو روٹ پرمٹ منسوخ کئے گئے ۔ ملتان ڈویژن میں 39 گاڑیاں بند ،ایک ٹرانسپورٹر گرفتار اور 90 ہزار جرمانہ وصول کیاگیا ۔

مزید : صفحہ آخر