پاکستان میں امن قائم ہو گا تو کشمیر آزاد ہو گا ،جاوید ہاشمی
ملتان( آن لائن ،اے این این) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، داعش جیسی تنظیموں پر پیسے خرچ کرتا ہے ،کشمیر کی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا، جلد امریکہ و یورپ سے بھی کشمیر کی آزادی کی آواز یں بلند ہونگی،کشمیری بھی پاکستان سے ملنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کی حالت کو دیکھ کر ہمیں خود شرم آتی ہے، جب پاکستان میں امن ہوگا تو کشمیر ایک دن میں آزاد ہوجائے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام ’’تحریک آزادی کشمیر اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی1920ء سے شروع ہے ۔ کشمیر مسئلہ پر اقوام متحدہ نے نا انصافیا کیں۔ بھارت کشمیر جنگ کو مزید جاری رکھنے کی استعداد نہیں رکھتا ۔ بھارت کے دانشور کشمیر چھوڑنے کا کہہ رہے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر میں اب لگتا ہے یو این او غیر فعال ہے۔ پاکستان کی فوج، سیاسی و مذہبی جماعتیں اور قوم کشمیر یوں کیساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب مومن ہوجائیں گے تو کشمیر کی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا ۔ آزادی کی قیمت پوچھنی ہے تو کشمیریوں سے پوچھیں کشمیر جلد پاکستان سے ملیں گے اور پھر پوری دنیا میں اسلام کا پرچم لہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں نا انصافیاں ہورہی ہیں لوگ آزادی مانگ رہے ہیں ۔ یورپ اور امریکہ بکھر چکا ہے آزادی کی لہریں روک نہیں سکیں گے۔ ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور جماعت الدعوۃ کا مسئلہ کشمیر پر موقف واضح ہے ۔ سیاسی جماعتوں نے اس موقف کو پیچھے ڈالا۔ فوجی ڈکٹیٹر ز کی حکومت میں یہ مسئلہ اُجاگر ہوا ہے ۔ کشمیری ہونے کے باوجود موجودہ حکمرانوں نے کشمیریوں کے خون کا سودا کیا بھارت سے تعلقات بڑھائے جو در حقیقت ان کے تجارتی تعلقات ہوتے ہیں۔ واجپائی اور مودی سرکار سے بات تو کرتے ہیں لیکن بزنس بڑھانے پر۔ صوبائی وزیر چودھری عبدالوحید آرائیں نے کہا کہ5فروری کا دن پہلی مرتبہ جماعت اسلامی کے مرحوم امیر قاضی حسین احمد کی کال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے منایا گیا۔ عالمی سازشوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پیدا ہوا اور وہی طاقتیں اس مسئلہ کو حل نہیں ہونے دے رہی ہیں ۔ کشمیری پاکستان کی شہ رگ کو بچانے اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما راؤ ظفر اقبال نے کہا کہ پوری قوم دو ایشوز پر متفق ہے ۔ ناموس رسالت ؐ کا تحفظ اور مسئلہ کشمیر کا حل۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما قاری احمد میاں نے کہا کہ عالمی طاقتیں جواب دیں کہ جب سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں۔ ضلعی امیر جماعت اسلامی میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دینا ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی رہنما علامہ خالد محمود ندیم، جماعت الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالغفار ، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی رہنما شیخ محمد عمر، اسلامک لائرز موومنٹ کے چودھری اطہر عزیز ، رفیع رضا، پیپلز پارٹی کے ایم سلیم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی 8لاکھ فوج بھی کشمیریوں سے جذبہ حریت ختم نہیں کرسکی۔ کشمیری آج بھی بھارت کی یوم جمہوریت کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور14؍اگست کو کشمیری بھر پور انداز سے مناتے ہیں۔ اس موقع پر مختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں میاں سہیل احمد، علامہ عبدالرحیم گجر، کلیم اکبر صدیقی،امیر اللہ شیخ ، کنور محمد صدیق ،ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، واثق خان، ڈاکٹر حفیظ انور،عمرانی چودھری، حافظ عبدالرحمن، عمر مغل، مولانا عبدالرحیم گجر، بلال بٹ، شیخ منظور الہی ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔