ایل ڈی اے ملازمین رہائشی سکیموں میں ایمپلائز کوٹہ سے محروم
لاہور(ایم آئی بھٹی) سات سال گزرنے کے باوجود ایل ڈی اے ملازمین کو ایمپلائز کوٹہ نہ مل سکاجس سے ایل ڈی اے کے ریگولر ملازمین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ایل ڈی اے کی پالیسی کے مطابق ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں میں ایل ڈی اے ایمپلائز کا 3فیصد کوٹہ ہوتا ہے ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے پرانے اور ریگولر ملازمین خاص طور پر جو ریٹائر منٹ کے قریب ہیں بہت ہی پریشان ہیں کیونکہ ان کی ریٹائرمنٹ قریب آرہی ہے اور ابھی تک پلاٹ نہیں مل سکاجبکہ ہائیکورٹ نے فیصلہ کیاتھا کہ 1998تک جن ملازمین کی سروس دس سال بنتی ہے ان کو ایمپلائز کوٹہ میں پلاٹ دیا جائے گا۔جس پر 2009میں اس وقت کی سی بی اے نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی اور جو جو ملازمین اس کے اہل تھے ان کو پلاٹ الاٹ کر دیئے گئے لیکن دوسرے ہی دن انتظامیہ نے الاٹمنٹ کینسل کر دی جو کہ آج تک بحال نہ ہو سکی اور نہ ہی دوسری قرعہ اندازی کی گئی ۔ریٹائرمنٹ کے قریب ملازمین نے بتایا کہ ساری زندگی محکمے کی خدمت کی ہے لیکن جب پنشن کا وقت آیا ہے تو محکمانہ پالیسیاں ہی فعال نہیں ہو رہیں اور نہ ہی پلاٹ الاٹ کیے جا رہے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ اس وقت 250ملازمین 2015میں ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جن کو ایل ڈی اے کی طرف سے پلاٹ الاٹ نہیں کیے جا رہے۔ڈائریکٹر ایڈمن خالد پرویز سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ہماری طرف سے پلاٹ دینے میں رکاوٹ نہیں ہے ۔پی ایچ اے کی طرف سے مسائل پیدا ہونے کیوجہ سے ملازمین کو پلاٹ دینے کا معاملہ لٹک گیا ہے۔