حکومت جہالت ،مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے والا میزائل تیار کرے ،سراج الحق

حکومت جہالت ،مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے والا میزائل تیار کرے ،سراج ...

لاہور (نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے رعد میزائل کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو ایسا میزائل بھی ایجاد ہونا چاہیے جس سے جہالت کے اندھیرے دور ہوں اور مہنگائی ، بے روزگاری ، استحصالی اور طبقاتی نظام کا خاتمہ ہو جائے ‘دنیا چاند اور مریخ پر پہنچ گئی ہے لیکن ہمارے 12ملین بچے آج تک سکول جانے سے محروم ہیں ‘ تمام ترقی پذیر ممالک نے 2015ء میں تعلیم کو 100فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن ہمارے بجٹ میں سب سے کم رقم تعلیم پر خرچ ہو تی ہے جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ‘ملک میں اس وقت جہالت کے اندھیرے ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے انفرادی اوراجتماعی طور پر کاوشیں کرنا ہوں گی‘علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے جہالت کے خاتمے اورتعلیم ناگزیر ہے ۔ وہ بدھ کے روز ایوان اقبال میں غزالی فیڈریشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’کل پاکستان ادبی مقابلہ جات ‘‘کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات دینے کی تقریب کے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔سراج الحق نے کہاکہ اس وقت ملک میں جہالت کے اندھیرے ہیں لیکن ہم سب کو مل کر تعلیم کی شمع روشن کرنا ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ابدال ، غزنوی اور رعد میزائل کا کامیاب تجربہ کیا اوراسے ایجاد کیا ہے جس پر حکومت اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور چاہتاہوں کہ ایسا میزائل ایجاد ہو جس سے جہالت ، غربت، مہنگائی ، بے روزگاری ، استحصالی نظام اور طبقاتی نظام کا خاتمہ ہو جائے تاکہ ملک تعلیم کی شمع سے پر نور ہو جائے جس طرح ڈاکٹر عبد القدیر خان اور سید مولانا مودودی کو بڑے بڑے ایوارڈ دیئے گئے اسی طرح ہمارے طلبہ و طالبات کو بھی تعلیم کے میدان میں ترقی کرکے ایسے ہی ایوارڈ حاصل کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا اس وقت چاند کے بعد مریخ پر قدم رکھ چکی ہے لیکن ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ اس وقت بھی ملک میں 12ملین بچے ایسے ہیں جو سکول جانے سے محروم ہیں اور پاکستان دنیا میں دوسرا ملک ہے جہاں سکول جانے والے بچے تعلیم حاصل نہیں کر رہے جبکہ تمام ترقی پذیر ممالک نے 2015ء میں اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں تعلیم کی شرح100فیصد تک بڑھائیں گے اور حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اسے چیلنج سمجھ کر قبول کرے سراج الحق

مزید : صفحہ آخر