سرکاری ہسپتالوں کے شعبہ کینسر کو اپ گریڈکیاجارہا ہے، مجتبیٰ شجاع الرحمن
لاہور ( خبرنگار) وزیرقانون، ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کیلئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ کینسر جیسی مہلک بیماریوں کے علاج معالجہ کیلئے سرکاری ہسپتالوں کے شعبہ کینسر کو اپ گریڈکیاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں جدید تشخیصی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں اور میمو گرافی مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سالانہ ایک کروڑ27 لاکھ سے زائد افراد کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوتے ہیں جن میں سے ہر سال 81 لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق صرف پاکستانی خواتین میں سالانہ 90 ہزار سے زیادہ کینسر کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ حکومت نے جناح ہسپتال ،الائیڈ ہسپتال ودیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں کینسر کے علاج کے لئے جدید مشینیں نصب کر دی ہیں ۔کینسر کے عالمی دن کے موقع پر عوامی وفود اور ڈاکٹرزکے وفود سے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ڈاکٹرز سے کہاکہ وہ عوام کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں احتیاطی تدابیر بارے شعور اجاگر کریں اور اس کے لیے موثر مہم شروع کی جائے کیونکہ کینسر جیسی مہلک بیماریوں کا علاج انتہائی مہنگا ہے۔