مولانا شوکت علی روڈ کو اقبال ٹاؤن کے ساتھ ملانے والی سڑک کی تعمیر مکمل

مولانا شوکت علی روڈ کو اقبال ٹاؤن کے ساتھ ملانے والی سڑک کی تعمیر مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پونے دو ارب روپے کی لاگت سے مولانا شوکت علی روڈ جوہر ٹاؤن کو براستہ پنجاب یونیورسٹی و کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن ملتان روڈ سے منسلک کرنے کے لئے 3.4کلومیٹر طویل سڑک اور ٹھوکر نیاز بیگ سے مسلم ٹاؤن کی طرف جانے والی ٹریفک کے لئے نئے فل ڈیپتھ انڈر پاس کی تعمیر مکمل کر لی ہے جسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب یونیورسٹی کی اراضی پر 1.8کلومیٹر طویل نئی دو رویہ سڑک تعمیر کی گئی ہے جو دونوں طرف سے تین تین لین پر مشتمل ہے ۔ سڑ ک کے دونوں طرف سروس روڈ اور پنجاب یونیورسٹی کی جانب سائیکل ٹریک تعمیر کرنے کے علاوہ اس پر جدیدترین ایل ای ڈی لائٹیں نصب کی گئی ہیں اور بارشی پانی کے نکاس کے لئے خصوصی انتظام کیا گیا ہے ۔منصوبے کے تحت کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن سے گزرنے والی دو رویہ سڑک کی توسیع و بحالی کا کام کرنے کے علاوہ کھاڑک نالے پر تین نئے پل بھی تعمیر کئے گئے ہیں ۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور شہریوں کے قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی ۔ بالخصوص بھیکے وال موڑ اور کیمپس پل پر ٹریفک کے دباؤ میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی ۔ یہ سڑک کوٹ لکھپت فیروز پورروڈ سے ملتان روڈتک جانے کے لئے متباد ل راستے کا کام بھی دے گی ۔