سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک

سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک

لاہور (نامہ نگار خصوصی) سابق چیف جسٹس پاکستان ڈاکٹر نسیم حسن شاہ (مرحوم )کو قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کر دیا گیا،وہ منگل کے روز حرکت قلب بند ہونے سے لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے ،ان کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قل خوانی آج 5فروری 3 بجے سہ پہر مرحوم کی رہائش گاہ 58-D-1 ، سر سید روڈ، گلبرگ III ، لاہور میں ہوگی جبکہ دعا 04:15 بجے ہوگی ۔گزشتہ روز سابق چیف جسٹس پاکستان ڈاکٹر نسیم حسن شاہ مرحوم کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ گلبر گ میں ادا کی گئی ، نمازہ جنازہ میں چیف جسٹس پاکستان ناصر الملک سمیت سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز احمد چودھری، جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس اقبال حمید الرحمن، جسٹس عمر عطا بندیال، مرحوم چیف جسٹس پاکستان کے داماد جسٹس آصف سعید خان کھوسہ اورملت ٹریکٹرز کے چیف ایگزیکٹو سید محمد عرفان عقیل نے شرکت کی، نماز جنازہ میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس خالد محمود خان، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی،جسٹس شاہد حمید ڈار اور جسٹس فیصل زمان خان سمیت ہائیکورٹ کی پرنسپل نشست پر فرائض سرانجام دینے والے جج صاحبان بھی شریک ہوئے، صدر لاہور ہائیکورٹ بار شفقت محمود چوہان، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حنیف کھٹانہ، سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اشتر اوصاف، پیپلز پارٹی کے سابق گورنر لطیف کھوسہ، سینئر تجزیہ نگار عارف نظامی سمیت دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئیں۔نماز جنازہ کے بعد مرحوم سابق چیف جسٹس پاکستان ڈاکٹر نسیم حسن شاہ کی میت کی میانی صاحب قبرستان میں تدفین کی گئی ، تدفین کے بعد چیف جسٹس ناصر الملک نے سپریم کورٹ کی طرف سے اور لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منظور احمد ملک نے عدالت عالیہ کی طرف سے مرحوم ڈاکٹر نسیم حسن شاہ کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزید : صفحہ اول