پاکستان میں آج یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جائے گا، عام تعطیل کا اعلان
لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان میں آج پانچ فروری یوم یک جہتی کشمیر کا دن منایا جائے گا اور اس موقع پر ملک میں آج عام تعطیل ہوگی۔اس سلسلے میں پاکستان کی ہر مذہبی و سیاسی جماعتوں ‘ سول سوسائٹی اور کشمیری جماعتیں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خصوصی ریلیاں ‘ سیمینارز منعقد کریں گی جبکہ مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کشمیری قائدین سے ملاقاتیں کریں گے وزیر اعظم محمد نواز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب متوقع ہے۔ کشمیری شہدا کی یاد میں صبح نو بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی موشی اختیار کی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری کے موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی بڑی ریلیوں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں خواتین اور بچے بھی ان پروگرامات میں شریک ہونگے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم مکمل جو ش و خروش سے اپنے جذبات اور احساسات سے دنیا کو آگاہ کرے گی۔ جماعۃ الدعوۃ کے تحت اسلام آباد ،لاہور و دیگر بڑے شہروں میں اظہار یکجہتی کے کیمپ لگائے گئے ہیں اور آج مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ جماعۃ الدعوۃ کے تحت لاہور میں ناصر باغ سے ہائیکورٹ چوک تک کشمیر کارواں نکالا جائے گا جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوں گے کارواں کے اختتام پر جلسہ عام ہو گا جسے مذہبی ،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی کے تحت مظفر آباد میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق،جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحما ن مکی و دیگر خطاب کریں گے۔