دھاندلی کا کھیل ریٹرننگ افسروں نے کھیلا،عمران خان: تسلیم کر لیں عوام نے آپکو منتخب نہیں کیا،پرویز رشید

دھاندلی کا کھیل ریٹرننگ افسروں نے کھیلا،عمران خان: تسلیم کر لیں عوام نے آپکو ...

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ گلگت بلتستان کا نگران وزیراعلیٰ نواز لیگ کا کارکن ہے، تعیناتی چیلنج کریں گے۔ کہتے ہیں کہ عام انتخابات میں ریٹرننگ افسروں نے دھاندلی کا کھیل کھیلا، تھیلوں سے تحریک انصاف کے ووٹ نکال کر نوازلیگ کے ڈالے گئے۔ میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا نگران وزیراعلیٰ مسلم لیگ (ن) کا کارکن ہے۔ ان کی تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے۔ عمران کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی 2013ء کے انتخابات میں ہوئی۔ الیکشن 2013ء میں ریٹرننگ افسروں کا کردار سامنے آ گیا ہے۔ انتخابات میں دھاندلی کا اصل کھیل ریٹرننگ افسروں نے کھیلا۔ تھیلوں سے تحریک انصاف کے ووٹ نکال کر مسلم لیگ (ن) کے ووٹ ڈالے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف دھرنا نہ دیتی تو 5 سال دھاندلی ثابت کرنے میں ہی لگ جاتے۔ دھرنے کا مقصد پاکستان کو حقیقی جمہوریت کی طرف لانا تھا۔ وقت میرے ساتھ ہے، مجھے پتا ہے آگے کیا ہونے والا ہے۔ اب تو ٹربیونل میں فیصلے ہونگے اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے جلد کیسز نمٹانے کی ہدایت کی ہے جس پر ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کل کشمیر ڈے پر بیرسٹر سلطان محمود اور دیگر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر رہے ہیں۔

عمران خاناسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ خان صاحب اپنے طالبان بھائیوں کی طرح قانون کے فیصلے نہیں مانتے اپنی عدالت لگا کر بیٹھ جاتے ہیں، جو بھی حلقہ کھلا وہاں پی ٹی آئی کا پول کھل گیا اور انہیں سخت سبکی ہوئی، جہاں عمران خان کو ہار نظر آتی ہے وہاں دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں،خان صاحب ہمارا مشورہ تسلیم کرتے ہوئے مان جائیں کہ عوام نے انہیں منتخب نہیں کیا،پی ٹی آئی چیئرمین کی ذہنی حالت دیکھ کر ترس آتا ہے،خان صاحب کی عقل پر حیرانگی ہے کہ کیا آصف زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں دھاندلی کروائی؟۔ بدھ کو پاکستان پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ خان صاحب جتنی تاویلیں دیں سچ یہ ہے کہ جو حلقہ بھی کھلا آپ کے پول کھل گئے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب اپنے طالبان بھائیوں کی طرح قانون کے فیصلے نہیں مانتے اور اپنی عدالت لگا کر بیٹھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اسرار پر جو حلقہ بھی کھلا وہاں ان کی سخت سبکی ہوئی۔ پرویز رشید نے کہا کہ خوشی ہے کہ خان صاحب کے دھاندلی کے دعوؤں کی کلی کھل گئی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو جہاں اپنی ہار نظر آتی ہے وہاں دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب اب رونا بند کریں اور دہشت گردی کے خلاف کے پی کے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ خان صاحب کو مخلصانہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ تسلیم فرمالیں کہ ان کو عوام کو منتخب نہیں کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خان صاحب کی ذہنی حالت دیکھ کر ترس آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ کچھ کہہ رہی ہے اور خان صاحب کچھ کہہ رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جب وزیر اعظم نہ بننے کے سوگ سے باہر آئیں گے تو پتہ چلے گا کہ مہنگائی بڑھی نہیں بلکہ کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹوٹی پھوٹی بسوں پر سفر کرنے والوں کی طرف توجہ دیں اور ہمت کریں اور وہاں بھی میٹرو بنائیں۔

پرویز رشید

مزید : صفحہ اول