پاکستان اور افغانستان کا سرحد کے دونوں اطراف دہشتگردوں کو آپریٹ کرنے کی اجازت دینے پر اتفاق
راولپنڈی (آئی این پی) پاکستان اور افغانستان کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اتفاق کیا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف دہشت گردوں کو آپریٹ کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ دونوں جانب سے دو طرفہ بہتر فوجی تعاون کے لئے رابطے جاری رکھے جائیں گے۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے ڈی جی ملٹری آپریشن نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ افغان ڈی جی ایم او کا دورہ پاکستان آرمی چیف کے دسمبر 2015ء کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ سکیورٹی ‘ بارڈر مینجمنٹ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سرحد کے دونوں اطراف دہشت گردوں کو آپریٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دونوں جانب سے بہتر دو طرفہ فوجی تعاون کے لئے رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
