’’ پاکستان ‘‘ کی خبر پر ایکشن ؛ محتسب اعلٰی نے ڈی سی او سے مطائیوں کیخلاف آپریشن کی رپورٹ طلب کر لی
لاہور(ارشدمحمود گھمن)روزنامہ پاکستان میں نام نہاد ہڈی جوڑ کے ماہر اور جراحوں کے حوالے سے شائع ہونے والی تفصیلی خبر کے بعد صوبائی محتسب اعلی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ خبر کے مطابق انسانیت کے دشمن عطائی چند روپوں کی خاطر سادہ لوح لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ شہری ہڈی جوڑ کے ’’ماہر‘‘ افراد سے نہایت سستے داموں عمر بھر کی معذوری خرید لیتے ہیں،اس حوالے سے شہر کے مرکز میں واقع مصروف ترین شاہراہ ٹیمپل روڈ جہاں رات گئے لوگوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے وہاں تھانہ مزنگ کی عین ناک کے نیچے یہ غیر قانونی کاروبار عروج پر ہے، نام نہاد ہڈی جوڑ کے یہ ماہر اہم شاہراہ پر براجمان ہیں جنہوں نے قدآور بینر اور دلکش تصویریں لگا کر معصوم شہریوں کو معذور کرنے کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔صوبائی محتسب اعلی پنجاب نے خبر کی اشاعت کے بعدسخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی سی او لاہورسے ایسے عطائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن سمیت اس کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
