شاد باغ فیکٹر ی سے آتشبازی کے سامان کی 20 بوریاں بر آمد
لاہور(کرائم رپورٹر) شادباغ پولیس نے بنوں پارک امجد کنڈا کے قریب واقع فیکٹری پر چھاپہ مار کر آتش بازی کے سامان سے بھری 20بوریاں برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتاراور 2بچوں کو بازیا ب کر وا لیا ۔تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی آپریشنز ہارون جوئیہ کو خفیہ اطلاع ملی کہ تھانہ شادباغ کے علاقہ بنوں پارک امجد کنڈا کے قریب واقع فیکٹری میں آتش بازی کا سامان بنا کر شہر کے مختلف حصوں میں جارہا ہے جن سے کئی معصوم جانوں کانقصان ہو سکتا ہے۔ ایس پی سٹی ہارون جوئیہ نے ڈی ایس پی مصری شاہ حاجی محمد اکرم اور ایس ایچ او شادباغ رضوان قادر کے ساتھ اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کو گرفتار کر نے کا حکم دیا جس پر ایس ایچ او شادباغ اور ریڈنگ ٹیم نے منصوبہ بندی کرکے خفیہ اطلاع پر فیکٹری پر چھاپہ مار کر شہزاد نامی ملزم کو گرفتار اور محمد حسین اور قربان نامی بچوں کو بازیاب کروا کے آتش بازی کے سامان کی 20بوریاں برآمد کر لیں ۔پولیس نے دونوں بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا ۔پولیس نے فیکٹری مالک اور اس کے 2ساتھیوں شہزاد اور امتیاز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ فیکٹری مالک ملک عارف کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ابتدائی تفتیش میں ملزم شہزاد نے بتایا کہ وہ آتش بازی کا سامان تیار کرکے شہر کے مختلف حصوں اور شہر سے باہر بھی بیچتے تھے ۔ملزم سے مزید انکشافات کی توقع بھی ہے۔
