پی آئی اے ملازمین کا مسئلہ تشدد کی بجائے مذاکرات سے حل کیا جائے ؛ پرویز خٹک
پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پی آئی اے کی بحالی کے چیلنج کو حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اوراسے چاہیے کہ اس مسئلے کو تشدد کی بجائے مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں پشاور صدر میں واقع پی آئی کے دفتر میں احتجاجی ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی مشتاق احمد غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ کچھ دیر احتجاجی کیمپ میں رہے اور احتجاجی ملازمین سے یکجہتی کا عملی اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف پی آئی اے ملازمین کی احتجاجی تحریک میں برابر کے شریک ہیں اور اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی بھی ملازم کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی آئی اے بہترین ادارہ تھا اور مثالی خدمات فراہم کر رہا تھااور اسکو نقصان پہنچانے والے عناصر کو بے نقاب کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت اس مسئلے کے حل میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ مذاکرات کرکے اس مسئلے کو حل کرے۔ وزیراعلیٰ نے احتجاجی ملازمین کو یقین دلایا کہ پی ٹی آئی ان کے مسئلے کی ملکی سطح پر حمایت کرتی ہے اور اس مقصد کیلئے 6فروری کو دھرنا بھی دیا جائے گا۔
