پریانکا چوپڑا کے انسٹا گرام فالورز کی تعداد 5 ملین ہو گئی
ممبئی(آئی این پی) سابق حسینہ عالم پریانکا چوپڑا آجکل صرف قومی اور بین الاقوامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے افق کا چمکتا ستارہ ہی نہیں بلکہ سماجی روابط کی سائٹس پر بھی وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل تصاویر شیئرنگ سروس انسٹا گرام پر اداکارہ کے فالورز کی تعداد 5ملین ہو گئی ہے۔ اداکارہ کی جانب سے انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کرنے کے ساتھ اپنے پرستاروں کی بے لوث محبت کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آج جس مقام پر ہیں وہ صرف انکے چاہنے والوں کی محبت اور دعاؤں کا ثمر ہے۔واضح رہے اداکار ہ آجکل اپنی پہلی امریکی ٹیلی ویڑن سیریز ’’کوانٹکو‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ دوسری جانب بولی ووڈ میں اداکارہ جلد پرکاش جاہ کی نئی آنے والی فلم ’’جئے گنگا جل‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی-
