کینسر کے مریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دینگے، آئی جی

کینسر کے مریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دینگے، آئی جی

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اور اس صوبے کے عوام الگ نہیں جبکہ پنجاب پولیس نے مشکل کے ہر وقت میں بڑھ چڑھ کر عوام کی خدمت اور حفاظت کے فرائض سر انجام دئیے ہیں ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی آفت، بیماری یا مشکل اس صوبے کے عوام کو متاثر کرے اور پنجاب پولیس اس سے نبرد آزما ہونے کی جدوجہد میں اپنا حصہ نہ ڈالے۔ انہوں نے مزید کہاکہ چار فروری کو کینسر کے عالمی دن کے موقع پر صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس لائنز اور دیگر پولیس دفاتر میں بلڈ ڈونیشن کیمپس لگائے گئے ہیں جن میں اعلی افسران سے لے کر کانسٹیبل لیول تک کے سینکڑوں پولیس ملازمین نے خون کے عطیات دئیے ہیں، انفرادی و اجتماعی سطح پر ہونے والی یہ کاوشیں مل کر کینسر مریضوں کی مشکلات میں کمی کاباعث بنیں گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ میں نے بحیثیت کمانڈر اپنی فورس کو ہدایت دی ہے کہ کینسر کے مریضوں کے لئے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں۔ پنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی معاشرتی ذمہ داریوں سے بھی آگا ہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روزسنٹرل پولیس آفس میں کینسر ڈے کے حوالے سے بلڈ ڈونیشن کیمپ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے خون کا عطیہ بھی دیا۔ صوبے کے تمام اضلاع کی پولیس لائنز اور دیگر دفاتر میں لگائے گئے کیمپس میں کینسر کے باعث انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔سنٹرل پولیس آفس میں بلڈ ڈونیشن کیمپ میں میڈیا نمائندگا ن سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا مزیدکہنا تھاکہ پنجاب پولیس نے خوشی غمی کے ہر تہوار پر اپنے عزیز و اقارب کی خوشیوں کو پس پشت ڈال کر عوام کی خدمت اور حفاظت کے فرائض سر انجام دئیے ہیں۔بلڈ ڈونیشن کیمپس میں پولیس افسران واہلکاروں کے علاوہ سرکاری و نجی اداروں،، اساتذہ سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ نامور شخصیات اور شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا گیاہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال صدیقی اور ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا، ڈی آئی جی ٹریننگ سلیمان سلطان رانا سمیت سنٹرل پولیس آفس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی