ڈبلیو ایس ایس پی فلیٹ میں نئی گاڑیوں، مشینری اور آلات کی شمولیت

  ڈبلیو ایس ایس پی فلیٹ میں نئی گاڑیوں، مشینری اور آلات کی شمولیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور (سٹی رپورٹر) پشاور شہر میں صفائی کی خدمات میں بہتری کے لئے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی)فلیٹ میں مزید نئی گاڑیاں، مشینری اور آلات شامل کر لئے گئے جن میں 20 منی ڈمپرز، 27 بائیک لوڈرز، پانچ سو چھوٹے کوڑا دان، 200 عدد اعشاریہ آٹھ کیوبک میٹر کوڑے دان، سات عددد پانچ کیوبک میٹر آرم رول کنٹینرز، 11 عدد 22 کیوبک میٹر آرم رول کنٹینرز، چار عدد پانچ کیوبک میٹر سکپ کنٹینرز شامل ہیں۔ 27 بائیک رائیڈرز اور چار آرم رول کنٹینرز یونیسف کے فنڈ سے خریدے گئے ہیں جبکہ دیگر کے لئے صوبائی حکومت نے فنڈ فراہم کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش نے ایک تقریب میں گاڑیاں اور سامان ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کے حوالے کئے اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی ملک واجد اللہ، ارباب جہانداد،فضل الٰہی، انجینئر فہیم احمد، پیر فدا ایڈوکیٹ، ڈبلیو ایس ایس پی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حاجی محمد جاوید بھی موجود تھے۔ کامران بنگش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صفائی کے لئے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اگلے چھ مہینوں میں ڈبلیو ایس ایس پی کو مزید گاڑیاں اور مشینری فراہم کی جائیں گی صوبے کی دیگر ڈبلیو ایس ایس کمپنیوں کو بھی سامان فراہم کیا جائے گا وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کلین اینڈ گرین مہم پر تندہی سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں وسیع پیمانے پر صفائی مہم شروع کی جارہی ہے جس کا آغاز جمعہ کے روز پشاور سے کیا جائے گا مہم میں ڈبلیو ایس ایس پی کا کردار قائدانہ ہوگا صوبے بھر میں صفائی بارے ایمرجنسی نافذ کی جائے گی حقیقی معنوں میں صوبے کو صاف کیا جائے گا مہم میں نوجوان، طلبہ، خواتین سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے گا ڈبلیو ایس ایس پی کو صوبے اور ملک بھر کے لئے ماڈل بنایا جائے گا۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے کمپنی کو پورے پاکستان کے لئے ایک مثال بنایا جائے گا حکومت اس کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہر قسم تعاون کرے گی نیم شہری یونین کونسلوں تک خدمات کا دائرہ بڑھانے کے لئے ایک ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صفائی اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں پچھلے ایک سال کے دوران ریکوری میں کافی بہتری آئی ہے سڑکوں اور گلی محلوں سے چھلکے وغیرہ اٹھانے کے لئے بیٹ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے جگہ جگہ گندگی پھینکنے والوں پر لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت جرمانے عائد کئے جارہے ہیں جبکہ نگرانی کے لئے تجرباتی بنیادوں پر بورڈ بازار میں کیمرے نصب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا اگلے 30 سالوں تک پشاور کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ایس ڈی سی کے تعاون سے ماسٹر پلان تیار کرلیا ہے جس کی روشنی میں منصوبہ بندی کی جائے گی، گھر گھر سروے مکمل کرلیا ہے جس سے صارفین کی تعداد اڑھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے جنہیں ریونیو نیٹ میں لایا جارہا ہے، اسی طرح کوڑا کرکٹ میں توانائی کی صلاحیت کا اندازہ لگانے کے لئے پشاور یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے اس حوالے سے سٹڈی آخری مراحل میں ہے