کشمیری عوام کی خواہشات، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل قبول ہوگا: سردار مسعود خان

کشمیری عوام کی خواہشات، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل قبول ہوگا: ...

  



مظفرآباد (آئی این پی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے 5فروری کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتے، مذ ہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی پہچا ن ہے۔ جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے، کشمیری مسلمانوں نے قیام پا کستا ن سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کیساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔پاکستانی قوم اور حکومت کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منائے جانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا اور مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند، اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بیگناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزما یا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے اپنے نصب العین کونہیں چھوڑا۔ وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔ برہان مظفر وانی شہید کے مشن کو لے کر نوجوان نسل سر بکف ہو گئی ہے، ہم بھارت پر واضح کرتے ہیں وہ کشمیریوں کے بنیادی حق،حق خودارادیت میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرے۔ کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کادیر پا اور پائیدار حل ہو گا۔

سردار مسعودخان

مزید : پشاورصفحہ آخر