مفت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،نبیل اعوان

  مفت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،نبیل اعوان

  



لاہور(پ ر)کینسر کے عالمی دن کی مناسبت سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں سیکرٹری صحت پنجاب بیرسٹر نبیل احمد عوان کی قیاد ت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر فرید ظفر، پرووائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، رجسٹرار پروفیسر ارشاد حسین قریشی، پروفیسر عائشہ شوکت، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر اسد اسلم خان سمیت ڈینز اور تمام شعبوں کے سربراہان نے آگاہی واک میں شرکت کی۔سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ہونے والے ورلڈ کینسر ڈے کے سلسلہ میں آگاہی واک کو سراہا اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کی مفت سہولیات عوام الناس تک پہنچانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور ہم دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ کینسر سے آگاہی اور بروقت تشخیص سے علا ج ممکن ہے انہوں نے مزید کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے نیوکیمپس مریدکے نارووال روڈ میں انسٹی ٹیوٹ آف کینسر بنایا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1