ورلڈ کینسر ڈے،شوکت خانم ہسپتال میں واک کا انعقاد

    ورلڈ کینسر ڈے،شوکت خانم ہسپتال میں واک کا انعقاد

  



لاہور (پ ر)ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال میں زیرِ علاج کینسر کے مریض بچوں، ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف نے ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر مریض بچوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر کینسر ڈے کا تھیم I AM, I WILL درج تھا جو ان بچو ں میں کینسر سے لڑنے اور اس کو شکست دینے کے ارادے کی مظبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا یہ پروگرام یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول کی نمائندہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتا ل میں ان کینسر کے مریض بچوں کے ساتھ موجود ہیں اورورلڈ کینسر ڈے جیسے اہم موقع پر وہ تمام کینسر کے مریضوں اوران افراد کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کینسر کی تشخیص و علاج کے لیے کام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال علاج کے ساتھ معاشرے میں کینسر کی جلد اور درست تشخیص اورباقاعدہ علاج کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی پھیلانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستانی میڈیا کا تعاون بھی حاصل رہا ہے جہاں ہسپتال کے ڈاکٹرز وقتاً فوقتاً اس حوالے سے پروگرامز میں شرکت کرتے رہتے ہیں۔ یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول کی جانب سے ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں کینسر کے علاج کے اداروں کے ساتھ آگاہی پھیلانے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

شوکت خانم ہسپتال میں ہونے والی یہ واک بھی اسی سلسلے کا ایک حصہ تھی۔ شوکت خانم ہسپتال میں اس طرح کی تقریبات کا مقصد کینسر کے مریضوں کو ایسے مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے جن کے ذریعے ان کے اندر کینسر سے لڑنے کے عزم میں اضافہ ہو۔ کینسر کے علاج کے دورا ن مریضوں کی ذہنی صحت اورکینسر کو شکت دینے کی خواہش ان کے صحت یاب ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ واضح رہے کہ سال 2000سے کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے ہر سال 4 فروری کو ورلڈ کینسر ڈے منایا جاتا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں کینسر کے مرض کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لیے تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1