دوران ڈیوٹی حادثاتی موت کا شکار پولیس اہلکار شہیدوں میں شما ر ہونگے: لاہور ہائیکورٹ

  دوران ڈیوٹی حادثاتی موت کا شکار پولیس اہلکار شہیدوں میں شما ر ہونگے: لاہور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائی کورٹ نے ڈیوٹی کے دوران حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو شہداء میں شمار کرنے کا حکم جاری کردیاہے۔عدالت نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ٹریفک وارڈن کے ورثا کی شہداء کی کیٹیگری کے مطابق مالی معاونت کی جائے،مسٹر جسٹس علی باقرنجفی نے یہ احکامات ٹریفک وارڈن کی بیوہ فردوس شفیق کی درخواست منظور کرتے ہوئے جاری کئے،عدالت نے پولیس حکام کے اس موقف کو مستردکردیا کہ صرف بم دھماکہ،فسادات اور پولیس مقابلہ میں جاں بحق ہونے والے اہلکار ہی شہید کیٹیگری میں آتے ہیں،فاضل جج نے قراردیا کہ ڈیوٹی کے دوران حادثاتی موت کا شکار ہونے والے پولیس اہلکار بھی شہیدوں میں شمار ہوں گے،فاضل جج نے اپنے 5صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قراردیا کہ یہ تسلیم شدہ عمل ہے کہ ٹریفک وارڈن شفیق دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوا،اسے شہداء کی کیٹیگری میں شامل نہ کرنا قرین انصاف نہیں،سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس کے ورثا 20لاکھ روپے مالی معاونت کے مستحق ہیں،درخواست گزار بیوہ خاتون نے دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے اپنے ٹریفک وارڈن شوہرکو شہید قرار نہ دینے کے خلاف لاہورہائیکورٹ سے رجوع کیا تھاکہ 2018ء میں ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر نے حیران کن طور پر محمد شفیق کی موت کو حادثاتی قراردے کر اس کے ورثا کو 6لاکھ روپے معاوضہ دینے کی سفارش کی۔پولیس حکام کی طرف سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ 2015ء کے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیوٹی کے دوران بم دھماکے،پولیس مقابلے اورفسادات میں مرنے والے پولیس اہلکاروں کوہی شہیدوں میں شمار کرکے ان کے ورثاکو 20لاکھ روپے مالی امداددی جاسکتی ہے،حادثاتی موت کا شکار ہونے والے اہلکاروں کوشہیدوں میں شمار نہیں کیا جاسکتا،عدالت نے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے خاتون کی درخواست منظور کرلی،عدالت نے اپنے اس فیصلے کوعدالتی نظیر بھی قراردیاہے۔
دوران ڈیوٹی

مزید :

صفحہ آخر -