نجکاری کمیٹی، 27اداروں، جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت

نجکاری کمیٹی، 27اداروں، جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت

  



اسلام آباد(این این آئی)مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کے زیر ملکیت 27 اداروں اور جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت دے دی گئی۔وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرنے کے لیے حکومتی اداروں اور جائیدادوں کی نیلامی کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں وفاقی کابینہ کی جانب سے غیر پیداواری زمین اور اثاثوں کی نیلامی کے فیصلہ پر پیش رفت کرتے ہوئے 27 حکومتی اداروں و جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت دی گئی۔کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور حکومتی ملکیتی اداروں و جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت دینے اور اوپن بڈنگ پروسیجر اور مختلف حکومتی اداروں کی 27 غیر پیداواری زمینوں و اثاثوں کی مجموعی طور پر 6 ارب 62 کروڑ روپے ریزرو پرائس مقرر کرنے کے حوالے سے ٹرانزیکشن کمیٹی، بین الوزارتی کمیٹی اور نجکاری کمیشن بورڈ کی سفارشات کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نجکاری کمیشن حکام نے بتایا کہ 27 حکومتی ملکیتی اداروں و جائیدادوں کی اوپن نیلامی کا عمل اپریل 2020ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

نجکاری کمیٹی

مزید : صفحہ اول