پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آ ج بھر پور انداز میں منایا جائیگا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آ ج بھر پور انداز میں منایا ...

  



اسلام آباد (آن لائن)پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کشمیریوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیرآج بھرپور انداز میں منائیں گے، وزیراعظم پاکستان عمران خان مظفر آباد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، آج عام تعطیل ہوگی، پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے تمام اہم پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، اس دن کی مناسبت سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ دن 10بجے ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیوں سے صوبائی وزیراعلی خطاب کریں گے جبکہ ہر ضلع کی سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور ریلوے سٹیشنوں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ پی ٹی اے کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 10کروڑخصوصی ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔وفاقی تعلیمی اداروں میں مباحثے اور مضمون نویسی کے مقابلے ہوں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈکے زیر اہتمام خواتین کے مابین ہاکی اور مردوں کے فٹ بال میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں سٹی برانڈنگ کی گئی ہیں۔ اسلام آباد میں سینٹورس مال اور صفا گولڈ مال میں کشمیر سیل کے زیر اہتمام خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جبکہ یہاں پر دستخطی مہم کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ایوان اقبال لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تصاویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تمام آرٹ گیلریوں میں تصاویری نمائش کا اہتمام کردیا گیا ہے۔ تمام فارن مشنز میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں خصوصی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی مہم چلائی جائے گی۔دن کے آغاز پر مساجد میں کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ڈی چوک اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ قومی کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام قومی اسمبلی کے تمام حلقوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آزاد کشمیر کے پرچم لہرا دیئے گئے ہیں جبکہ ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر

مزید : صفحہ اول