پنجاب حکومت کا جعلی کاسمیٹکس تیار کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا جعلی کاسمیٹکس تیار کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

  



لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت نے جلد کیلئے نقصان دہ جعلی کاسمیٹکس تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی کابینہ نے دی پنجاب ڈرگ اینڈ کاسمیٹکس ترمیمی ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں غیر معیاری و جعلی کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنے والے مافیا پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا۔سابق حکومتیں سوئی رہیں اورجعلسازی کے ذریعے عوام لٹتے رہے جبکہ نئے پاکستان میں غیر معیاری و جعلی کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔دریں اثناء سرگودھا ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے،سرگودھا ڈویژن کے کئی علاقے اب بھی ترقی کے سفر میں پیچھے ہیں مگرہماری حکومت ان علاقوں میں سہولتوں کو بہتر بنائے گی۔ایوان وزیراعلیٰ میں 4 گھنٹے طویل اجلاس میں سرگودھا ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اورفلاح عامہ کی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیااور ان کے حل کے لئے تجاویز دیں۔اجلاس میں آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترقیاتی سکیمیں شامل کرنے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر فوری احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے عوام کی خدمت کے لئے ملکر کام جاری رکھنا ہے،عوام کو بہتر سہولتیں دینے کے لئے سب کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے-اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل حل کر یں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شورکوٹ میں نرس پرڈاکٹر کی جانب سے تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ نرس پر تشدد کے ذمہ دار ڈاکٹرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری عبدالستار کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چنیوٹ کے علاقے میں کتے کے کاٹنے سے کمسن بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلی نے جاں بحق بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے واقعہ کے بارے میں ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول