انڈر 19ورلڈ سیمی فائنل، بھارت نے پاکستان کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

    انڈر 19ورلڈ سیمی فائنل، بھارت نے پاکستان کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

  



پوشفسٹروم (آئی این پی)آئی سی سی انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 10وکٹوں سے شرمناک شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،بھارتی انڈر19ٹیم نے173رنز کا ہدف 35.2اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔بھارت کی جانب سے یا شاسوی جیسوال 105اور دویانس سیکسینا59رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔قبل ازیں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے43.1اوورز میں 172رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی آخری 6وکٹیں صرف 26رنز کے اضافے سے گریں جبکہ 8کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ کپتان روہیل نذیر 62رنز بنا کرنمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے ناقابل شکست سنچری بنانے والے شاسوی جیسوال کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔منگل کوجنوبی افریقہ کے شہر پوشفسٹروم میں کھیلے جا رہے انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے کپتان روہیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔بھارت کو اننگز کی ابتدا میں ہی اہم کامیابی مل گئی اور محمد ہریرا صرف 4 رنز بنانے کے بعد سوشانت مشرا کی وکٹ بن گئے۔فہد منیر پوری اننگز کے دوران مشکلات کا شکار نظر آئے اور 16 گیندیں کھیلنے کے باوجود کھاتا کھولنے کی زحمت کیے بغیر ہی روی بشنوئی کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔34رنز پر 2وکٹیں گرنے کے بعد دوسرے اینڈ پر موجود حیدر علی کا ساتھ دینے کپتان روہیل نذیر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 62رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر پاتی، یشسوی جیسوال نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 56رنز بنانے والے حیدر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔مشکلات میں گھری پاکستانی ٹیم کو اس وقت ایک اور دھچکا لگا جب قاسم اکرم وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آٹ ہو کر پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔قاسم اکرم نے شاٹ کھیل کر رن لینے کی کوشش کی لیکن کپتان روہیل نذیر نے ابتدائی طور پر رن کے لیے آمادگی ظاہر کی اور پھر واپس مڑ گئے جس کے سبب دونوں ہی کھلاڑی ایک ہی اینڈ پر پہنچ گئے اور وکٹ کیپر دھروو جیورل نے باآسانی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلا دی۔نئے بلے باز محمد حارث نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی اور 15 گیندوں پر 21 رنز بنا کر اسکور کو 146 تک پہنچا دیا لیکن ایک سوئپ شاٹ پر دیوینش سکسینا کے شاندار کیچ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔بھارت کو اگلی وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور کارتھک تیاگی نے 3رنز بنانے والے عرفان خان کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی۔اگلے ہی اوور میں روی بشنوئی نے عباس آفریدی کو چلتا کردیا جنہیں وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آٹ قرار دیا گیا۔یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے سبب پاکستان کی رنز بنانے کی رفتار انتہائی کم ہو گئی اور بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں کپتان روہیل نذیر بھی 62رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کو پاکستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری پاکستانی ٹیم 172رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستانی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آخری 6 وکٹیں صرف 26رنز کے اضافے سے گریں جبکہ 8کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔بھارت کی جانب سے سشانت مزشرا 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ کارتھک تیاگی اور روی بشنوئی نے دو، دو وکٹیں لیں۔جواب میں بھارت نے آسان ہدف 35.2اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کرلیا۔بھارت کی جانب سے یا شاسوی جیسوال 105اور دویانس سیکسینا59رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

مزید : صفحہ آخر