ملتان ریجن:سوئی گیس گھنٹوں غائب،صارفین کاپارہ ہائی، احتجاج کا فیصلہ

  ملتان ریجن:سوئی گیس گھنٹوں غائب،صارفین کاپارہ ہائی، احتجاج کا فیصلہ

  



ملتان (سٹاف رپورٹر) سوئی گیس ناردرن کے افسران و عملے کی لا پروائی و نا اہلی کے باعث صارفین گیس بندش کے بدترین عذاب میں مبتلا ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سوئی ناردرن گیس ملتان ریجن کے افسران وعملے کی لا پروائی اور نا اہلی کا یہ عالم ہے کہ ملتان سمیت ریجن بھر میں روزانہ متعدد علاقوں کی گیس سارا سارا دن کے لئے بند کر دی جاتی ہے۔ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول اس کے علاوہ ہے۔مینٹی نینس و لائنوں کی مرمت کے نام پر کئی کئی گھنٹے گیس کی بند ش کے(بقیہ نمبر11صفحہ12پر)

باعث صارفین کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خصوصاً گھروں میں خواتین کو کھانا بنانے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔چند روز قبل ملتان میں ڈیرہ اڈا‘ گجر کھڈہ‘ نشتر روڈ‘ ابدالی روڈ‘ سورج میانی سمیت کئی علاقوں کی گیس صبح بند کی گئی جس کے باعث صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سوئی گیس ہیلپ لائن نمبر 1199پرمتاثرہ صارفین نے فون کئے مگر یہ نمبر ہی بندپایا گیا۔ جنرل منیجر سوئی گیس انجینئر اظہر حسین کھوکھر ویسے ہی اپنا فون اٹینڈ نہیں کرتے جن کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ وہ صرف ایم این ایز سمیت با اثر سیاستدانوں و اعلی ٰ حکام کے فون اٹینڈ کرتے ہیں۔ اس لئے عام صارفین کی ان تک رسائی ممکن نہیں ہے۔متاثرہ صارفین نے ایم ڈی سوئی ناردرن گیس اور وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیاجائے اور غیر ذمہ دار افسروں کے خلاف کارروائی کرکے سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

پارہ ہائی

مزید : ملتان صفحہ آخر