ملتان: جامع مسجد جنرل بس سٹینڈ کامعاملہ مذاکرات سے حل، معاہدہ طے

  ملتان: جامع مسجد جنرل بس سٹینڈ کامعاملہ مذاکرات سے حل، معاہدہ طے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹی رپورٹر)جامع مسجد جنرل بس سٹینڈ ملتان کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو گیا، اس سلسلہ میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی، وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری، آر پی او ملتان وسیم احمد سیال، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک اور دیگر کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کی تحریر آر پی او ملتان وسیم احمد سیال کے(بقیہ نمبر12صفحہ12پر)

آفس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی موجودگی میں لکھی گئی اور فریقین کی طرف سے مولانا محمد حنیف جالندھری اور سید حامد سعید کاظمی کی موجودگی میں فیصلہ کیا گیا کہ خطابت مسلک اہل سنت بریلوی اور باقی نمازوں کی امامت مسلک اہل سنت دیوبند کے سپرد ہو گی۔ تین وقت کی اذانیں بریلوی اور دو وقت کی اذانیں دیوبند موذن کی ذمہ داری ہو گی۔ معاہدے کی تفصیل کے مطابق گزشتہ روز مولانا محمد حنیف جالندھری جماعت اہل سنت کے رہنماء سید طاہر سعید کاظمی کے گھر گئے اور باہمی بات چیت سے ”کچھ لو اور کچھ دو“ کے تحت مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر فریقین نے طے کیا کہ امام مولانا زاہد چشتی پہلے سے امامت کرا رہے ہیں وہ اسی طرح امامت کراتے رہیں گے جبکہ علامہ سید ارشد سعید کاظمی حسب سابق جمعہ کی خطابت و امامت کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ معاہدے کے تحت جامع مسجد میں عصر، مغرب اور عشاء کی ازان علامہ سید ارشد سعید کاظمی کی طرف سے نامزد موذن دے گا جبکہ فجر اور ظہر کی ازان مولانا زاہد چشتی دیں گے البتہ جمعہ کی اذانیں علامہ سید ارشد سعید کاظمی کا موذن دے گا۔ معاہدے پر تمام فریقین کے دستخط بھی کرائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز سے جامع مسجد جنرل بس اسٹینڈ کا تنازعہ چل رہا تھا، نقص امن کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ مسجد کو سیل کر دیا گیا تھا