متعصب حکمران مہاجروں کو برداشت نہیں کررہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

      متعصب حکمران مہاجروں کو برداشت نہیں کررہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ متعصب صوبائی حکومت سندھ کے مہاجروں کو برداشت کرنے کو تیا ر نہیں۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے چھاپے جانے والی کتابوں میں محصورین مشرق پاکستان کو جس طرح ہتک آمیز انداز میں قبضہ گروپ کہہ کر ظاہر کیا گیا ہے اس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ صوبائی حکومت پاکستان بنانے اور پاکستان بچانے والوں کو جن القاب سے نواز رہی ہے وہ اس کی متعصبانہ سوچ کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں نے سندھ کو گل و گلزار بنانے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے صلے میں روز اول سے پیپلزپارٹی مہاجروں کے بارے میں منفی سوچ رکھتی ہے اور مہاجروں کو برداشت کرنے کو تیا رنہیں۔ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور دیگر شہروں میں رہنے والے مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کے شہریوں کا سا سلوک کیا جارہا ہے۔ مہاجروں سے وصول کئے جانے والے ٹیکس پر پیپلزپارٹی کے وڈیرے، جاگیردار اور کرپٹ افسران عیاشیاں کررہے ہیں اس کے برعکس مہاجروں کو نہ تو ملازمتیں دی جارہی ہیں، نہ ہی انہیں تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہیں۔ لاکھوں مہاجر نوجوان ملازمتوں کیلئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے ہمیشہ مہاجروں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے۔ اب بھی سندھ کے وہ وڈیرے جن کا نہ تو کراچی اور حیدرآباد کو بنانے میں کوئی کردار ہے اور نہ ہی وہ اس کی تعمیر وترقی چاہتے ہیں لیکن انہیں یہاں لاکر بسایا اور منافع بخش اداروں میں لگایا گیا ہے تاکہ مہاجروں کو غلام بناکر رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ مہاجر درد رکھنے والے اس صورتحال کا ادراک کریں ورنہ پھر مہاجروں میں پائی جانے والی احساس محرومی منفی سمت کا رخ اختیار کرلے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر