بھارتی فاسٹ باﺅلر محمد شامی نے اپنی بیٹی کی ایسی تصویر شیئر کر دی کہ سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹر محمد شامی نے اپنی کم عمر بیٹی کی ایک ایسی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر پوسٹ کر دی کہ ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس تصویر میں فاسٹ باﺅلر محمد شامی کی صاحبزادی آئرہ نے ہندو خواتین کے سٹائل میں ساڑھی پہن رکھی ہوتی ہے، ماتھے پر ٹیکا لگایا ہوتا ہے اور پوجا کر رہی ہوتی ہے۔ اس کے سامنے بھگوان کی مورتی اور پوجا پاٹھ سے متعلقہ دیگر چیزیں رکھی ہوتی ہیں۔
اس تصویر کے کیپشن میں محمد شامی لکھتے ہیں کہ ”میرا بیٹا بہت پیارا لگ رہا ہے، میں بہت جلد اپنے بیٹے سے ملنے آ رہا ہوں۔“ان کی پوسٹ کی گئی یہ تصویر آن کی آن میں وائرل ہو گئی اور مسلمانوں نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ ایک صارف نے کمنٹ میں لکھا کہ ”مسلمان ہو کر پوجا کرتا ہے، جہنم میں جائے گا۔“ ایک اور نے لکھا کہ ”بحیثیت مسلمان تمہیں اپنے بچوں کو پوجا سے روکنا چاہیے۔“ صوبیہ علی نامی لڑکی نے لکھا کہ ”شامی بھائی، غلط جا رہے ہو۔ بچوں کو بت پرستی سے بچاﺅ۔“