مقبوضہ کشمیر کا لاک ڈاؤن عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے:شاہ محمود قریشی

مقبوضہ کشمیر کا لاک ڈاؤن عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے:شاہ محمود ...
مقبوضہ کشمیر کا لاک ڈاؤن عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے:شاہ محمود قریشی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کا ایک بھی مزید لمحہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے، پاکستان کا پختہ عزم ہے، استصواب رائے کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات اقوام متحدہ قرارداوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے خود اپنے دستور کی پامالی کا بھی ارتکاب کیا،کشمیروں کی شناخت اور کشمیریات کے تصور کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی،عالمی برادری سمیت سب ظلم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، اقوام متحدہ اور دنیا کے بڑے ممالک نے بھارت کی مذمت کی،سلامتی کونسل نے 6 ماہ میں 3 بارمقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر غور کیا،لاک ڈاؤن پر ایک بھی مزید لمحہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے،عالمی برادری انسانی حقوق کے تحفظ کی حمایت میں ٹھوس کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کو زیر قبضہ جموں و کشمیر جانے کی اجازت دے تاکہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حقائق کو وہ بذات خود جان سکیں، بھارت مقبوضہ وادی کے حالات دنیا کی نظروں سے  چھپانا نہیں چاہتا تو عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے اس پختہ عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کرنا چاہتا ہوں، استصواب رائے کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

مزید : قومی