نریندرمودی ایک انتہا پسند لیڈر ،ایسے لیڈر اپنی قوم کو ہمیشہ زوال کی طرف لے جاتے ہیں:گورنرپنجاب چوہدری سرور

نریندرمودی ایک انتہا پسند لیڈر ،ایسے لیڈر اپنی قوم کو ہمیشہ زوال کی طرف لے ...
نریندرمودی ایک انتہا پسند لیڈر ،ایسے لیڈر اپنی قوم کو ہمیشہ زوال کی طرف لے جاتے ہیں:گورنرپنجاب چوہدری سرور

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرورنےکہاہےکہ نریندرمودی ایک انتہا پسند لیڈر ہے اور ایسے لیڈر اپنی قوم کو ہمیشہ زوال کی طرف لے جاتے ہیں،وزیراعظم عمران خان کی حکومت بھارت کا فسطائی چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کررہی ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

لاہور میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام انتہائی مشکل حالات میں بھارت کے ظلم و ستم کا مقابلہ کررہے ہیں اور اس کے باوجود ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرہ لگا رہے ہیں،ہم اُنکی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں،در حقیقت وہ ہماری جنگ لڑرہے ہیں،پاکستان کے یومِ آزادی اور یوم پاکستان پر مقبوضہ وادی میں پاکستانی پرچم لہرائے جاتے ہیں جبکہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے،اِس سےکشمیری عوام کی پاکستان سےمحبت ظاہرہوتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ5اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا ہے،وزیراعظم عمران خان کی حکومت بھارت کا فسطائی چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کررہی ہے،نریندرا مودی ایک انتہا پسند لیڈر ہے اور ایسے لیڈر اپنی قوم کو ہمیشہ زوال کی طرف لے جاتے ہیں،وہ ہندوؤں کی نسلی برتری پر یقین رکھتا ہے اور اس کی نفرت پر مبنی پالیسیوں کے خلاف نہ صرف بھارت کے مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکار بھی صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نریندرا مودی نے اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران گجرات کے مسلمانوں کا قتل عام کروایا تھا،اس لئے جب اس نے برطانیہ کے دورے کے لئے ویزا دینے کی درخواست کی تو ہم نے برطانوی ہوم آفس کے روبرواس کی مخالفت کی اور وہ برطانیہ نہ آسکا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ دسمبر 2019ء میں اُنہوں نے یورپی پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور وہاں کے ارکان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا،ہماری کامیاب لابنگ کی بدولت یورپی پارلیمنٹ میں بھارت کےخلاف اگلے ماہ مارچ میں کئی قراردادیں منظور ہونےکا قوی امکان ہے جو کشمیری عوام اور پاکستان کی فتح ہوگی،ہم اسلامی کانفرنس کی تنظیم سے بھی کہیں گے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کرے اور بھارت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ مسئلہ حل کرنے کے لئے دباؤ ڈالے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نریندر مودی اسرائیلی ماڈل کی طرز پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے مگر ہم اسے ایسا کبھی نہ کرنے دیں گے،ہماری حکومت عمران خان کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھائے گی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور