ترین کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے بغیر ایک قدم بھی آگے نہیں چلیں گے،مسلم لیگ ق نے حکومت کو بڑی دھمکی دے دی

ترین کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے بغیر ایک قدم بھی آگے نہیں چلیں گے،مسلم ...
ترین کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے بغیر ایک قدم بھی آگے نہیں چلیں گے،مسلم لیگ ق نے حکومت کو بڑی دھمکی دے دی

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا نے اعلان کیا ہے کہ ابھی تک حکومت کے ساتھ ڈیڈ لاک برقرار ہے،جہانگیر ترین کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے بغیر ہم ایک قدم آگے نہیں چلیں گے،چند دن تک حکومت نہ مانی تو پارٹی اپناآئندہ کےمستقبل کالائحہ عمل بنائے گی،ہمارے ساتھ بھی کمیٹی کا کھیل کھیلاجارہاہے،عمران خان نےوعدے پورے نہ کئےتوانجام اچھانہیں ہوگا،آخری حد تک کوشش ہو گی کہ اتحاد کو نبھائیں لیکن حکومت غیر سنجیدگی کا اظہار کر رہی ہے۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق)لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے بغیر ہم ایک قدم آگے نہیں چلیں گے،چند دن تک حکومت نہ مانی تو پارٹی اپنا آئندہ کے مستقبل کا لائحہ عمل بنائے گی،بچپن میں کمیٹی کمیٹی کھیلتے تھے جو کسی کی نہیں نکلتی تھی، ہمارے ساتھ بھی کمیٹی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے،چودھری شجاعت حسین کے مطابق وزیر اعظم کے قریبی رفقا ذاتی مفاد کے لیے ہمارے خلاف ایسا کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میں مینو فیکچرنگ فالٹ ہے معاملات مکمل ہوتے ہوتے رک جاتے ہیں، ہماری چیخیں اس لیے نکل رہی ہیں کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے ہمارے گریبان پکڑ رہی ہے،یہ روش برقرار رہی اور عمران خان نے وعدے پورے نہ کیے تو انجام اچھا نہیں ہوگا،عمران خان نے عوام سے وعدے پورے نہ کئے تو جمہوریت کو بھی نقصان ہو گا،ن لیگ اور تحریک انصاف کے اراکین کے ساتھ رابطے ہیں اورابھی تک حکومت کے ساتھ ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ آخری حد تک کوشش ہو گی کہ اتحاد کو نبھائیں لیکن حکومت غیر سنجیدگی کا اظہار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے چودھری شجاعت کو جرمنی میں پھول بھیجے اور فون کیا تھا،نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ رابطے ہیں، دکھ درد میں انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نیب میں ہمارے خلاف کوئی کرپشن نہیں کسی کو کوئی شوق ہے تو وہ پورا کر کے دیکھ لے،نیب نے 5 مرتبہ چودھریوں کے غسل خانوں کے نلکے بھی دیکھ لیے لیکن کچھ نہیں نکلا۔

مزید : قومی