پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا،پاکستانی قوم کا اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے لیے ہم آواز ہوکر واضح پیغام

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا،پاکستانی قوم کا اپنے ...
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا،پاکستانی قوم کا اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے لیے ہم آواز ہوکر واضح پیغام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا،گلی گلی اور شہر شہر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے اور ریلیاں،مسئلہ کشمیر پر حکومت سمیت ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں یک آواز ہو گئیں،بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ ،عالمی برادری کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کے لئے سیاسی جماعتوں نے اپنے اختلافات پس پشت ڈالتے ہوئے کشمیریوں سے یکجہتی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ کشمیری حریت پسند رہنماؤں نے بھی خوشی کا اظہار کر دیا ،5 فروری کے روز یوم یکجہتی کشمیر کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے پوری قوم سے  کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانے کی اپیل کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن پوری پاکستانی قوم نے اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے لیے ہم آواز ہوکر واضح پیغام دیاکہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستانی قوم کی جانب سے دنیا کو یہ باور کرایا گیا کہ خطے کا امن کشمیریوں کی حق خود ارادیت سے وابستہ ہے۔یوم کشمیر کے موقع پر قابض بھارتی فوج اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور ساتھ ہی قابض بھارتی فورسز کے جبر کے خلاف سینہ سپر کشمیری ماں، بہنوں اور بھائیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں بڑی بڑی تقاریب منعقد کی گئیں۔حکومت کی جانب سے ملک بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ سکولوں میں اس حوالے سے تقریری مقابلے اور مباحثے بھی منعقد کیے گئے۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب مظفر آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، اس کے علاوہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے متعدد مقامات پر دستخطی کیمپ بھی لگائے گئے۔یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈان اور بھارتی مظالم پر گفتگو کی۔یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھارت کو پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے شیطانی مقاصد سے باز آ جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادیں پرانی نہیں ہو گئیں، دنیا میں تمام انصاف پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پشت پر ہیں، کامل یقین ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم پاکستان،بلوچستان نیشنل پارٹی ،عوامی نیشنل  پارٹی،جماعت اسلامی،جمعیت علمائے اسلام،مرکزی جمعیت اہل  حدیث،پاکستان  علماء کونسل،اہل سنت والجماعت  ،پاکستان عوامی  تحریک ،تحریک لبیک ،سنی تحریک،مجلس وحدت المسلمین سمیت ملک  کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں  نے ملک گیر سطح پر ریلیوں ،مظاہروں ،جلسوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا جس میں لاکھوں مرد و خواتین نے شامل ہو کر  اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -