کشمیریوں کی مدد جاری رکھیں گے، پاکستان کا عالمی برادری سے واحد مطالبہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل: شبلی فراز
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے سیاحت کا فروغ وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے،بدقسمتی سے ماضی میں اس شعبے کو نظر انداز کیا گیا، پاکستان پرامن ملک ہے ہمارے شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر کے سیاحتی مقامات دنیا بھر کے سیاحوں کی میزبانی کیلئے تیار ہیں، اسلام آباد ٹوررزم فیسٹیول میں بیرون ممالک سے آنیوالے شرکاکی بہترین میزبانی کرنے کیساتھ ساتھ انھیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،آج پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری برادری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائیں گے۔ کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے صدر مملکت اور وزیراعظم آزادو جمو ں کشمیر کا دورہ کرینگے،صدر مملکت عارف علوی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے جبکہ وزیراعظم عمران خان کوٹلی میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔پاکستان کا عالمی برادری سے یہی مطالبہ ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر سیا سی،سفارتی و تجارتی دباؤ ڈالے، اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کیا جائے،جبکہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی،اخلاقی، سیاسی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔گزشتہ روز اسلام آباد ٹوررزم فیسٹیول کی لانچنگ تقریب اور وفاقی وزراء علی امین گنڈا پور، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور کشمیری رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں سیاحت کا شعبہ مکمل طو پر بحال ہوچکا، بنیادی طور پر وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کے شعبے کو جو اہمیت دی، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ان کی دلی خواہش اور کوشش ہے ملک میں سیاحت اور اس سے وابستہ سرگرمیاں تیز ہوں۔ دنیا میں سیاحت سے بہتر کوئی سفارتکاری نہیں،مسلح افواج سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے ملک میں دوبارہ امن قا ئم ہوچکا، دنیا کے لوگ پاکستان آئیں سیاحت کی ترقی سے روزگار کے مواقع کھلیں اور نوجوانوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے، ایسی سرگرمیاں ملک کے تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔ اسلام آباد ٹوررزم فسیٹیول میں بیرون ممالک سے آنیوالے شرکاکی بہترین میزبانی کرنے کیساتھ ساتھ انھیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تا کہ وہ اپنے ملک میں جاکر پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کرسکیں۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا 5اگست 2019 کو بھارت نے غاصبانہ طریقے سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا،یوم یکجہتی بھر پور انداز سے منانے سے کشمیریوں کو ایک نیا جذبہ ملے گااور تحریک آزادی کشمیر میں نئی جان آئے گی۔ وزیراعظم عمران خان پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کر رہے ہیں۔ مظلوم و نہتے کشمیریوں کو گذشتہ اڑھائی سال سے طویل ترین لاک ڈاؤن اور شدید اذیت کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کو کامیاب بنانے اور عوام تک پہنچانے کیلئے میڈ یا کا ہمیشہ مثبت کردار رہاہے۔
شبلی فراز