”کشمیربنے گا پاکستان “پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منایا جارہاہے 

”کشمیربنے گا پاکستان “پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے ...
”کشمیربنے گا پاکستان “پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منایا جارہاہے 

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )”کشمیر بنے گا پاکستان“، مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی، وزیراعظم عمران خان کوٹلی میں اجتماع سے خطاب کریں گے۔

 ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اسلام آباد، مظفرآباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سیمینارز اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی قوم 31 برسوں سے یوم کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ شہرِ قائد میں عوام کی بڑی تعداد نے اس موقع پر کشمیری بھائیوں کو یاد رکھا اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔لاہور عجائب گھر میں کشمیری ہنرمندوں کے بنائے ہوئے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے کیا۔کشمیری ہنرمندوں کے بنائے مختلف نمونوں کی نمائش نے اپنا رنگ جمایا۔

نمائش میں کشمیری شال، قرآن پاک کے خوب صورت قلمی نسخے اورظروف رکھے گئے ہیں جو کشمیری ہنرمندوں کی مہارت کا کھلا ثبوت دکھائی دیتے ہیں۔ مقصد وہی ،اِس عزم کا اظہار کرنا کہ حالات چاہے کیسے ہی کیوں نہ ہوں، اہل پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ یہ شاندار نمائش 15فروری تک دیکھنے والوں کے ذوق کی تسکین کا باعث بنی رہے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جناح انٹرنیشنل، علامہ اقبال، باچا خان سمیت تمام ایئرپورٹس پر کشمیر ڈے کے موقع پربینرز آویزاں، کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے بھی لہرا دیئے گئے۔ پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سری نگر کے نام سے منسوب گھڑی آویزاں کی گئی۔ ایئرپورٹس پر کشمیر سے متعلق دستاویزی فلم بھی چلائی جارہی ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -