’ یوم یکجہتی کشمیر پر بھی مریم نواز بغضِ عمران میں مبتلا رہیں‘

’ یوم یکجہتی کشمیر پر بھی مریم نواز بغضِ عمران میں مبتلا رہیں‘
’ یوم یکجہتی کشمیر پر بھی مریم نواز بغضِ عمران میں مبتلا رہیں‘

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پر بھی مریم نواز بغضِ عمران میں مبتلا رہیں،یہ عمران خان کی دشمنی میں اندھے ہو چکے ہیں،قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا ان کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور تجدید عہدکے روز بھی مریم نواز بغضِ عمران میں مبتلا رہیں،یہ عمران خان کی دشمنی میں اندھے ہو چکے ہیں۔  اُنہوں نے کہا کہ اِنہیں نہ تو کشمیرکاز سے دلچسپی ہے اور نہ ہی ملکی مفاد عزیز ہے، قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا اِن کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے۔ 

اس سےقبل وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹرشبلی فرازنےیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج کےدن پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں سےاظہاریکجہتی کرتےہوئےاس عہد کی تجدید کرتےہیں کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی اپنے حقِ خود ارادیت کےحصول کےلئےبھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، بھارتی مظالم، فوج کشی اور جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے لیکن بھارت کےپانچ  اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام نے پانچ  فروری کے دن کی اہمیت اور بڑھا دی ہے،نہتےاورمظلوم کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سےبھارتی غیر انسانی سلوک کا شکارتوتھےہی لیکن گزشتہ 18ماہ کےدوران مسلسل فوجی محاصرے، مواصلاتی قدغنوں، میڈیا بلیک آؤٹ اوربدترین پابندیوں کا اُنہوں نے جس طرح سامنا کیا اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت دنیابھر میں ظالم اورجابر سامراجی ریاست کے طور پر پہچانا جا رہا ہے جس نے نہ صر ف کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں بلکہ اپنے ملک میں اقلیتوں کا بھی جینا حرام کر رکھا ہے بالخصوص مسلمانوں کو امتیازی سلوک اور مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے جان و مال، کاروبار، سماجی ومعاشی حقوق، مقدس مذہبی مقامات اور تاریخی عمارات کا کوئی احترام ہے نہ ہی کوئی تحفظ۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے جائز،جمہوری اور بنیادی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،عالمی برادری کو جموں و کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو روکنا ہوگا،مہذب دنیا کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں ان کا جائز حق دلانے میں اپنا منصفانہ کردار ادا کرے،وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہوں نے ہر عالمی فورم پر مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید :

قومی -