بھارت کے سابق کرکٹر ونود کامبلی کے خلاف بیوی پر تشدد کا مقدمہ درج

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے سابق ہندوستانی کرکٹر ونود کامبلی کے خلاف مضافاتی علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں نشے کی حالت میں اپنی اہلیہ پر مبینہ طور پر حملہ کرنے اور بدسلوکی کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے.
ایک اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ جمعہ کو پیش آنے والے مبینہ واقعہ کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ باندرہ پولیس سٹیشن کے اہلکار نے بتایا کہ کامبلی کی بیوی اینڈریا نے اپنی پولیس شکایت میں الزام لگایا ہے کہ کامبلی نے کھانا پکانے والے پین کا ہینڈل اس کو مارا جس کی وجہ سے اس کے سر میں چوٹ آئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ جمعہ کو دوپہر 1 بجے سے 1.30 بجے کے درمیان اس وقت پیش آیا جب کامبلی مبینہ طور پر شراب کے نشے میں اپنے فلیٹ پر پہنچے اور اپنی بیوی کے ساتھ بدسلوکی کرنے لگے۔
اہلکار نے شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کامبلی کے 12 سالہ بیٹے نے جو اس وقت وہاں موجود تھا، لڑائی میں مداخلت کی، لیکن کامبلی کچن میں گیا، ٹوٹے ہوئے پین کا ہینڈل لایا اور مبینہ طور پر اسے اپنی بیوی پر پھینک دیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئیں۔
ونود کامبلی کی بیوی بعد میں طبی معائنے کے لیے بھابھا ہسپتال گئی۔ ان کی شکایت کی بنیاد پر باندرا پولیس نے جمعہ کو کامبلی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 324 (خطرناک ہتھیاروں سے چوٹ پہنچانا) اور 504 (امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین) کے تحت ایف آئی آر درج کی۔