اسد قیصر کے عشائیے میں اہم رہنماؤں کی شرکت ،اپوزیشن کی سینئر قیادت نے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

اسد قیصر کے عشائیے میں اہم رہنماؤں کی شرکت ،اپوزیشن کی سینئر قیادت نے حکومت ...
 اسد قیصر کے عشائیے میں اہم رہنماؤں کی شرکت ،اپوزیشن کی سینئر قیادت نے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )اپوزیشن کی سینئر قیادت نے ملک میں از سر نو انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت  میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کے عشائیے میں شرکت کے بعد میڈیا سے مولانا فضل الرحمان، اسد قیصر اور شاہد خاقان عباسی نے علیٰحدہ علیٰحدہ گفتگو کی۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، اس حکومت کو مستعفی ہو کر از سر نو انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے۔چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کی آئینی مدت پوری ہوئی، اس پر مشاورت ہونی چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اسد قیصر کی رہائشگاہ پر اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔سب جماعتوں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ملک میں نئے الیکشن کروائے جائیں۔

شاہد خاقان نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جاری فسطائیت کو ختم اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں آئینی حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔

"جنگ" کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر کے عشائیے میں اپوزیشن کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔عشائیے میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر شریک ہوئے۔اسد قیصر کی کھانے کی دعوت میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر، صاحبزادہ حامد رضا، وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ نا صر عباس بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے عشائیے کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئینی امور پر مشاورت کی ہے۔تقریب میں شرکت سے قبل شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان سے اُن کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔