مقبوضہ جموں و کشمیر  کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، عسکری قیادت

Feb 05, 2025 | 12:27 AM

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروس چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج، بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر  کے بہادر عوام کی ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان  کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو دہائیوں سے ظلم و جبر، ریاستی سرپرستی میں ہونے والے مظالم اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ جبر کے خلاف ان کی استقامت پورے پاکستان کے لیے جرات اور حوصلے کی علامت ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ وادی میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بشمول ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر قانونی حراستوں کی شدید مذمت کرتی ہیں۔ یہ مظالم بھارت کی بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق سے صریح لاپرواہی کو ظاہر کرتے ہیں۔

آئیایس پی آر کے مطابق ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کا فوری نوٹس لیں اور ان کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

پاکستان کی مسلح افواج کشمیر کے جائز اور منصفانہ مقصد کے ساتھ اپنی وابستگی پر قائم ہیں اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اپنے فرض کو نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے حق آزادی و وقار کے حصول میں ان کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں