جلو پارک، ٹائیگر کا پنجرہ کھولنے والے اینیمل کیپر کے خلاف مقدمہ درج
لاہور(افضل افتخار)جلو سفاری پارک سے سفید ٹائیگر پنجرے سے نکلنے کا واقعہ،اینمل کیپر کو واقعے کاذمہ دار قرار دیتے ہوئے اقدام قتل سمیت 6 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ سفاری پارک انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق اینمل کیپر نے بدنیتی اور عوام کو نقصان پہنچانے کی نیت سے پنجرا کھولا، تفصیلات کے مطابق جلو سفاری پارک میں سفید ٹائیگر کے پنجرے کھلنے کے معاملے میں غفلت کے بعد پنجاب حکومت نے اعلی سطح پر"چیک ایند پنش" طریقہ کار طے کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جلو سفاری پارک میں اینیمل کیپر کی غفلت یا جان بوجھ کر "منصوبہ"کو انتہائی سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے اس کیس کی پیروی کرتے ہوئے کیپر کو سزا دلوائی جائیگی۔ذرایع کے مطابق خوش قسمتی سے ٹائیگر کی جان بچنے کے علاوہ وہاں موجود وزیٹرز کی جانیں بچ گئی۔تاہم جلو سفاری پارک کے "کچھ ذمہ دار"پورے معاملے میں اینیمل کیپر کو بچانے میں لگے رہے مگر میڈیا میں معاملہ آنے پر انہیں پیچھے ہٹنا پڑا۔واضح رہے کہ عملے نے بے ہوشی کی ادویات دیکر ٹائیگر کو پنجرے میں بند کیاتھا،ٹائیگر کے پنجرے کی صفائی کے دوران ملزم شریف نے پنجرا کھول دیا تھا۔سفاری پارک میں آئے وزیٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ خوش قسمتی سے پارک میں موجود لوگوں کی جانیں بچ گئیں ایسے غافل قسم کے لوگوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے جو سفاری پارک کے جانوروں اور یہاں آنیوالے وزیٹرز کیلئے خطرے سے کم نہیں۔