ملکی دفاع کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش،خالد مسعود

  ملکی دفاع کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش،خالد مسعود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے لاہور پریس کلب میں مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی، مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن وامان قائم اور وطن عزیز کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، حالیہ مہینوں سے پاکستان میں بدامنی بڑھ چکی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا عرصہ دراز سے موقف ہے کہ اس کے پیچھے بھارت ہے، ہمارے اس مؤقف کی تائید وزیر دفاع خواجہ آصف بھی کر چکے ہیں، مرکزی مسلم لیگ کا واضح موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ہائی لائٹ نہ کیا گیا، حل کی کوشش نہ کی گئی تو نہ تو دہشت گردی ختم ہو گی اور نہ مسائل حل ہوں گے، دشمن کی خواہش ہے کہ ہم تقسیم ہو جائیں، لسانیت، صوبائیت میں تقسیم ہوں، یہاں دہشت گردی ہو، بھارت نے کشمیر پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے،  خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام کا حق ہے کہ وہ کشمیر کے لئے ہر طرح کی جدوجہد کریں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کشمیریوں کی حمایت کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی، آج متحد ہو کر کشمیر کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

  کشمیریوں کی آزادی کے لئے سیاسی انداز میں اور بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی بھر پور و حمایت کی جائے، کشمیری جس ظلم کی چکی میں پس رہے ان کو نجات ملنی چاہئے، خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ ایک ہفتے سے یکجہتی کشمیر کے لئے بھر پور انداز میں ملک بھر میں پروگرام کر رہی ہے، 5 فروری کو ملک بھر میں یکجہتی کشمیر پروگرام ہوں گے اس عزم کے ساتھ کہ شہہ رگ کو دشمن سے چھڑائیں گے، ہم کشمیریوں کی آزادی اور شہ رگ کو چھڑانے کے لئے جدوجہد کریں گے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی یکجہتی کشمیر کے پروگرام ہوں گے، جن میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے، میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیریوں کی آزادی کے لئے آواز بلند کریں