مظفر گڑھ میں دھی رانی پروگرام کے تحت 104اجتماعی شادیاں
لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت "دھی رانی پروگرام" کے تحت پنجاب بھر کی سب سے بڑی 104 اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب مظفرگڑھ میں ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن محمد اجمل خان چانڈیہ، اراکین صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان اور عون حمید ڈوگر، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری، ڈی پی او محمد رضوان اور ڈی جی سماجی بہبود طارق قریشی نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام کے ذریعے ریاست کو ماں بنتے دیکھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کے ذریعے والدین کے دل کی آواز بن کر ثابت کیا کہ وہ قوم کی بیٹی اور شفیق ماں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سماجی بہبود کی بنیاد پر ہی مدینہ کی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ دھی رانی پروگرام کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ریاست کے وسائل عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں پارلیمانی سیکرٹری محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت کے میدان میں پورے ملک کی قیادت کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر اور دیگر معزز مہمانوں نے شادی والے جوڑوں میں سلامی کے اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کیے۔ مہمانوں کے لیے مقامی رقص جھومر پیش کیا گیا جبکہ پرتکلف کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا.