شوکت خانم ہسپتال میں کینسر میں مبتلا بچوں کے لئے سالانہ میلہ
لاہور(پ ر)کینسر کے عالمی دن کی مناسبت سے شوکت خانم میموریل کیسنر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کی جانب سے کینسر کے مریض بچوں کیلئے سالانہ میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں ہسپتال میں زیرِ علاج مریض بچوں اور ان کی فیملی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہر سال شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے مریضوں کیلئے منعقد کی جانے والی اس تقریب کا مقصد کینسر سے جنگ لڑتے مریضوں کو ایک صحت مند تفریح کا موقع فراہم کرنا ہوتا ہے تا کہ وہ علاج کی سختی کو بھلا کر اچھا وقت گزار سکیں۔ اس تقریب میں بچوں کیلئے شوکت خانم ہسپتال اور مختلف کاروباری اداروں بشمول پرل کانٹیننٹل ہوٹل، کیور ایم ڈی، شکر گنج، وطین، ٹین ایکس، گجرانوالہ فوڈ انڈسٹری، سرینا اپیرل، فارورڈ سپورٹس اور چیزئس کی جانب سے تحائف پیش کئے گئے۔بچوں نے جمپنگ کیسل،اور پپٹ شو کو بھی بہت انجوائے کیا۔اس موقع پر شوکت خانم ہسپتال کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈاکٹر احسن ملک نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو نہ صرف اعلی ترین طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں بلکہ مختلف تفریحی سرگرمیوں کی مدد سے ان کی ذہنی صحت کو بہتر رکھنے کیلئے بھی اقدامات کیے جاتے ہیں۔