پانچ فروری کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن،ضیاء الدین انصاری
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آج5 فروری مظلوم کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یکجہتی کشمیر مارچ ہوگا۔مارچ میں صبح 11 بجے اسٹیٹ بنک سے لیکر چیئرنگ کراس تک ہو گا۔ یکجہتی کشمیر مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کریں گے اور خصوصی خطاب کریں گے۔مارچ میں اہل لاہور کے ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین اور بچے بھی شرکت کرکے پوری دنیا کو پیغام دیں گے وہ کشمیر ی مسلمانوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں وہ تنہا نہیں ہیں۔اہل لاہور سے اپیل کرتے ہیں وہ 5 فروری کو مال روڈ یکجہتی کشمیر مارچ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کیساتھ شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یکجہتی کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں مسجد شہداء مال روڈ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، انچارج یکجہتی کشمیر مارچ، عبدالعزیز عابد، عامر نور خان و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔