پورا پاکستان آج کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کااظہار کریگا، شہباز شریف، وزیراعظم کا یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکج لانے کا اعلان
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ہے، چاروں صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فیصلے کئے، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، اشیائے خورونوش کے نرخوں میں کمی سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد اب معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، یوم یکجہتی کشمیر آج قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا،تیل درآمد پر ایک سال کیلئے 1.2 ارب ڈا لر موخر ادائیگی کی سہولت کیلئے سعودی عرب کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے، ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، جمرودمیں پولیو ٹیم پر حملہ افسوسناک ہے۔وزیر اعظم نے جمرود میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے 23 خوارج کو جہنم واصل کیا، خوارج سے لڑتے ہوئے 18 جوان جام شہادت نوش کر گئے، بلوچستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی، زخمی جوانوں سے ملاقات کی تو ان کے حوصلے بلند تھے۔ان کا کہنا تھا کہ جوانوں کے ملک کی خاطر قربانی کے جذبے اور غیر متزلزل عزم کی پوری قوم معترف ہے، ملک وقوم کیلئے قربانیاں دینے والے قوم کے ہیروز ہیں، افواج پاکستان اور عوام دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے شانہ بشانہ ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ جنوری 2024 میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی 4.1 فیصد تک کم ہوئی، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا خوش آئندہ ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ اب پوری کاوش ہے کہ ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، اس کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں کی پوری توجہ ہونی چاہیے، اسی حوالے سے ہم آگے بڑھیں گے اور یہی ہمارے لیے چیلنج ہے کہ معاشی نمو کو کس طرح بڑھایا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب سے تاخیر ادائیگی پر تیل درآمد کرنے کی سہولت دسمبر 2023 میں ختم ہوگئی تھی، سعودی ولی عہد کی ہدایت پر ایک وفد نے کل پاکستان کا دورہ کیا ہے اور تیل کی درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی سہولت کے نتیجے میں ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی، اب حوصلہ ملنا چاہیے اور سرمایہ کاری لانی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 4کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے آبی منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے، اس کے علاوہ ایس ایف ڈی فنڈ کی 4 کروڑ ڈالر کی گرانٹ سے کنگ سلمان ہسپتال بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج 5 فروری کو پوری قوم ملی جوش و جذبے سے یوم یکجہتی کشمیر منائے گا اور پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی تحریک آزادی سے اظہار یکجہتی کرے گا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں زرعی ٹیکس کا قانون منظور کرلیا ہے، اب چاروں صوبوں نے آئی ایم ایف کا مطالبہ پورا کردیا ہے، وزیراعظم نے زرعی ٹیکس سے متعلق قانون سازی کرنے پر صدر زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کی آمد آمد ہے، اس حوالے سے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ کرپشن اور خراب مال کی فروخت نہ ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا، وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے بے پناہ شکایات تھیں جس کا حل یہ نکالا ہے کہ مائنس یوٹیلٹی اسٹور رمضان پیکیج لایا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں اور اوورسیز پاکستانی اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تقریب کے تمام شرکا کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیرمقدم کرتے ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کررہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں اور میری حکومت، پاکستانی عوام آپ کی عظمت کو سلام کرتے ہیں، آج آپ کی محنت کی بدولت ترسیلات بیرون ممالک سے اسٹیٹ بینک کے ذریعے پاکستان آرہی ہیں، جس میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس سے پاکستان کا زرمبادلہ کے حوالے سے قومی خزانے کو بے پناہ فائدہ پہنچا ہے، اسی طریقے سے آپ دنیا میں بہترین تربیت حاصل کرکے پاکستان میں بطور سرمایہ کار، بطور پروفیشنل یہاں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو اس سے ملکی معیشت کو بے پناہ فائدہ پہنچتا ہے، اسی طرح سے جب یہاں آپ جائیدادیں خریدتے ہیں تو پراپرٹی کو پر لگ جاتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جو میری حکومت کی ذمہ داری ہے، اس کے لیے ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور آپ کا حق دلوا کر ہم چین سے بیٹھیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جناح سکوائر منصوبے کا کا افتتاح کردیا۔ اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب ہوتے کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں ٹریفک کے بہا سے متعلق جناح سکوائر منصوبہ مکمل ہوا، اس منصوبے سے اسلام آباد کے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جناح سکوائر منصوبے سے آلودگی میں بھی کمی آئے گی کیوں کہ ٹریفک جام نہیں ہوگا تو آلودگی بھی نہیں پھیلے گی اور سب سے بڑھ کر لوگوں کا قیمتی وقت بھی محفوظ ہوگا۔محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس ذمہ داری اور احساس فرض شناسی سے اس منصوبے کو صرف 72 دنوں میں مکمل کیا گیا ہے، وہ اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے اور اس کے لیے محسن نقوی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے اسلام آباد میں پنجاب اسپیڈ کو محسن اسپیڈ میں تبدیل کردیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے خوشی کا موقع ہونا چاہیے جس کا ہم سب کو جشن منانا چاہیے کیوں کہ یہی وہ طریقہ ہے جو قوموں کی زندگی کو بدل دیتا ہے۔ان کا محسن نقوی کو شاباش دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اسی طریقے سے آپ باقی منصوبوں کو بھی رفتار کو اسی طریقے سے بڑھا کر تکمیل تک پہنچائیں اور 1960 کی دہائی میں جو سرکاری عمارات بنی تھیں، ان کو بھی توجہ کی ضرورت ہے، اور مجھے سن کر خوشی ہوئی کہ آپ اس پر بھی توجہ دے رہے ہیں
وزیر اعظم