پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی وزرا ء کے قلمدان تبدیل کرنے تک محدود، سکندر شیرپاؤ

    پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی وزرا ء کے قلمدان تبدیل کرنے تک محدود، سکندر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    پشاور(سٹی رپورٹر)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے پیکا میں حالیہ ترامیم کو آزادی اظہار رائے کو محدود کرنے اور صحافت جیسے اہم شعبے کو دباؤمیں لانے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ ملک بھر کے صحافی اس کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں یونین کونسل ہری چندوکوز بہرام ڈھیری میں شہید حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حیات محمد خان شیرپاؤ شہیدکی 11فروری کو منعقد ہونے والی برسی جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اورپارٹی ذمہ داروں کوہدایت کی گئی کہ وہ پارٹی کارکنوں کی بھرپور شرکت یقینی بنائے۔مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کے پہلے شہیدحیات محمد خان شیرپاؤ کی پختون قوم کیلئے قربانیاں لازوال ہیں،حیات شہید نے اپنے اصولی موقف پر ڈٹے ہوئے پختون دھرتی پر امن اور پختونوں کی بہبود کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیااور اپنے آپ کو ہمیشہ کیلئے امر کردیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ آزادی صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور اسے کسی بھی صورت محدود نہیں کیا جانا چاہیے لہٰذا حکومت فوری طور پر صحافی برادری سے بات چیت کرکے ان کی شکایات کا ازالہ کرے۔انھوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کے مسائل اجاگر کرنے اور عوام کو حقائق تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ان کی آزادی کو تحفظ فراہم کرناحکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔انھوں نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے تک محدود ہے جبکہ صوبہ معاشی بدحالی اور کرپشن کی آماجگاہ بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ کی قرضوں میں بے تحاشہ اضافہ،امن و امان کی بد ترین صورتحال،مہنگائی و بے روزگاری اور پسماندگی نے بحرانی کیفیت اختیار کرلی ہے اور خیبر پختونخوا کی فضاء مایوسی و محرومی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ 11فروری کو شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی گاؤں شیرپاؤ میں عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ کے ساتھ منائی جائیگی،کارکن ابھی سے تیاریاں شروع کرے۔